کراچی،گینگ وار گروہ ریاست جدگال کے 2 کارندے گرفتار،اسلحہ ومنشیات برآمد

بدھ 22 جولائی 2026 16:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2026ء) پاک کالونی پولیس نے حساس ادارے کے ہمراہ پرانا گولیمار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران گینگ وار گروہ ریاست جدگال کے 2 مبینہ کارندوں کوفائرنگ کے تبادلے کے بعدگرفتار کرکےاسلحہ و منشیات برآمد کر لی۔ بدھ کو ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں زبیر اور جمشید شامل ہیں جبکہ ملزمان کے قبضے سے 5پستول،ایک ایم پی فائیو رائفل، ایک منی کلشنکوف، رائونڈز اور ایک کلو 300گرام چرس برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم زبیرریاست جدگال گروپ کا انتہائی اہم شوٹر بتایا جاتا ہے،ملزم پرانا گولیمار و ملحقہ علاقوں میں حاجی ریاست کا منشیات فروشی کا نیٹ ورک آپریٹ کرنے سمیت ٹارگٹ کلنگ، لوگوں کو دھمکانے اور فائرنگ کے متعدد واقعات میں ملوث تھا جبکہ ملزم ماضی میں دیگر گینگ وار گروپوں اور دہشتگرد تنظیم کےلئے بھی کام کر چکا ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ فرار ساتھیوں کی گرفتار کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔