کراچی میں فوڈ رائیڈر سے بدسلوکی کرنا والا شخص گرفتار

گاڑی میں سوارشخص نے سڑک کے درمیان گاڑی روک کر فوڈ رائیڈر کی موٹرسائیکل پر ڈنڈے برسائے، فوڈرائیڈر کو بھی تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 23 جولائی 2026 22:31

کراچی میں فوڈ رائیڈر سے بدسلوکی کرنا والا شخص گرفتار
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 22 جولائی 2026ء ) کراچی میں فوڈ رائیڈر سے بدسلوکی کرنا والا شخص گرفتار کر لیا گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ایکشن لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق درخشاں پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں فوڈ ڈلیوری رائیڈر کی موٹر سائیکل کو ہاکی سے نقصان پہنچانے اور بدسلوکی کرنے والے شخص کو ڈیفنس بدر کمرشل سے حراست میں لیا۔

پولیس کے مطابق زیر حراست شخص کی شناخت عبدالحسیب کے نام سے کی گئی جس نے چند روز قبل فوڈ ڈلیوری رائیڈر سے بدسلوکی اور موٹر سائیکل کو ہاکی سے نقصان پہنچایا تھا۔ پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لے کر ملزم سمیت تھانے منتقل کیا۔ واضح رہے کہ کراچی شہرِ قائد کے علاقے ڈیفنس میں گاڑی اور موٹر سائیکل کی معمولی ٹکر پر شدید تلخ کلامی اور تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا، جہاں ایک کار سوار نے طیش میں آ کر فوڈ ڈیلیوری رائیڈر پر ہاکی سے حملہ کر دیا اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں ایک گاڑی اور فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کی موٹر سائیکل کے درمیان معمولی ٹکر ہوئی، حادثے کے فوراً بعد کار سوار شدید غصے کی حالت میں گاڑی سے باہر نکلا اور آپے سے باہر ہوتے ہوئے ہاکی نکال کر موٹر سائیکل پر اندھا دھند وار کرنا شروع کر دیئے، جس سے موٹر سائیکل کو شدید نقصان پہنچا۔
بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل کو نشانہ بنانے کے بعد کار سوار ہاتھ میں ہاکی اٹھائے رائیڈر پر حملے کے لیے اس کے پیچھے بھاگا اور اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا، دن دہاڑے تشدد کے اس واقعے سے شاہراہ پر موجود شہریوں اور دیگر راہگیروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دی تھیں۔