گورنرسندھ سید محمد نہال ہاشمی نے تیسری تین روزہ ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ کانفرنس کا افتتاح کر دیا

جمعرات 23 جولائی 2026 20:39

گورنرسندھ سید محمد نہال ہاشمی نے تیسری تین روزہ ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے تیسری تین روزہ ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ کانفرنس کا افتتاح کر دیاہے۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں قونصل جنرلز، معزز مہمانانِ گرامی، طبی ماہرین اور شعب صحت سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں منافع سے زیادہ خدمت کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،این آئی سی وی ڈی اور دیگر سرکاری طبی ادارے سندھ بھر میں عوام کو موثر طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ صحت سمیت ہر شعبے میں رابطے کا تسلسل اور باہمی ہم آہنگی ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور علاج سے بہتر احتیاط ہے،صفائی کے فروغ سے متعدد بیماریوں اور معاشرتی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے،علاج، آپریشن اور طبی خدمات کے ہر مرحلے میں صفائی کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صحت کا شعبہ تجارت نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا مقدس فریضہ ہے،صحت کو صرف کاروبار بنانے سے فلاحی ریاست کا تصور کمزور پڑ جاتا ہے،اسلامی فلاحی ریاست کی بنیادی ذمہ داری عوام کو معیاری، سستی اور آسان طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام کی بحالی وزیراعظم محمد شہباز شریف کے عوام دوست وژن کی عکاس ہے۔انہوں نے کہاکہ ہیلتھ کارڈ کا آغاز مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کیا۔انہوں نے کہاکہ ریاست ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر ماہرین کی تعلیم پر سرمایہ کاری کرتی ہے، فارغ التحصیل افراد قوم کی بے لوث خدمت کریں۔انہوں نے کہاکہ طب کے شعبے میں خدمات کو عبادت سمجھ کر انجام دینا چاہیے،پاکستان میں اعلی تعلیم کے اخراجات اب بھی دنیا کے کئی ممالک کے مقابلے میں کم ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں دانش اسکولوں کا دائرہ کار وسیع کر رہی ہے،دانش اسکول کراچی میں بھی جلد کام کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہاکہ صحت مند، باوقار اور فلاحی معاشرے کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔