نوجوان نسل پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، جسے معیاری تعلیم، ہنر اور احساسِ ذمہ داری سے آراستہ کرنا ضروری ہے ،فیصل کریم کنڈی

جمعرات 23 جولائی 2026 20:40

نوجوان نسل پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، جسے معیاری تعلیم، ہنر اور ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں کے لیے مثبت اور تعمیری اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، جسے معیاری تعلیم، ہنر اور احساسِ ذمہ داری سے آراستہ کرنا ضروری ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس میں خیبرپختونخوا اسٹوڈنٹس لیڈرشپ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کمال الدین کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد نے گورنر کو ایسوسی ایشن کے وژن، مشن اور خیبرپختونخوا بھر میں نوجوانوں میں قیادت کی صلاحیتوں کے فروغ، تعلیمی ترقی، کردار سازی، ہنر مندی، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی سرگرمیوں میں شمولیت کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار، طلبہ میں قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ، نوجوانوں کو مساوی مواقع کی فراہمی، معیاری تعلیم اور نوجوان نسل کو معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے طلبہ کے لیے ایک تعمیری پلیٹ فارم فراہم کرنے اور نوجوانوں میں مثبت قیادت کو فروغ دینے کے حوالے سے ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں، پیشہ ورانہ مہارتیں فروغ دیں اور دیانت داری و اصول پسندی کو اپنا شعار بنائیں تاکہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔گورنر نے نوجوانوں کی ترقی کے لئے شروع کئے جانے والے اقدامات کی مسلسل حوصلہ افزائی اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ترقی پسند، پرامن اور خوشحال خیبرپختونخوا کی تعمیر میں نوجوانوں کی فعال شرکت انتہائی اہم ہے۔وفد نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ایسوسی ایشن کی حمایت کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ گورنر نے ایسوسی ایشن کی مستقبل کی کاوشوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔