Live Updates

غیر ضروری سرکاری گاڑیوں کی خریداری، صوبائی حکومت کے خرچ پر بیرون ملک علاج پر پابندی عائد

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے مالی سال 2026-27 کیلئے کفایت شعاری اقدامات اور بجٹ پر عملدرآمد سے متعلق جامع رہنما گائیڈ لائنز جاری کر دیں

جمعرات 23 جولائی 2026 20:30

غیر ضروری سرکاری گاڑیوں کی خریداری، صوبائی حکومت کے خرچ پر بیرون ملک ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2026ء) محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے صوبائی کابینہ کی منظوری کی روشنی میں مالی سال 2026-27 کے لیے کفایت شعاری اقدامات اور بجٹ پر عملدرآمد سے متعلق جامع رہنما اصول جاری کر دیے ہیں۔ ان ہدایات کا مقصد مالیاتی نظم و ضبط کو مضبوط بنانا، غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا، محصولات کی وصولی کو مزید مو ثر بنانا، داخلی احتساب کے نظام کو بہتر بنانا اور عوامی وسائل کے شفاف، ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی کابینہ کے 19 جون 2026 کو منعقدہ اجلاس میں منظور کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں تمام انتظامی محکموں، خودمختار اور نیم خودمختار اداروں، ڈویڑنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ملحقہ محکموں اور دیگر متعلقہ اداروں کو ان رہنما اصولوں پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اعلامئے کے مطابق کفایت شعاری پالیسی کے تحت نئی آسامیوں کی تخلیق، غیر ضروری سرکاری گاڑیوں کی خریداری، صوبائی فنڈز سے بیرون ملک ورکشاپس، سیمینارز اور تربیتی پروگراموں میں شرکت، فائیو اسٹار ہوٹلوں میں سرکاری تقریبات کے انعقاد اور صوبائی حکومت کے خرچ پر بیرون ملک علاج پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تاہم عوامی مفاد یا ناگزیر ضرورت کی صورت میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ہر معاملے کا الگ جائزہ لے کر مناسب فیصلہ کر سکیں گے محکمہ خزانہ نے تمام پرنسپل اکاو نٹنگ آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمانہ اکاو?نٹس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں تاکہ داخلی آڈٹ کے نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ تمام اخراجات صرف جاری شدہ فنڈز کی حد تک محدود رکھے جائیں گے اور کسی بھی صورت فنڈز کی دستیابی سے قبل مالی ذمہ داریاں پیدا نہیں کی جائیں گی۔

اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی محصولات میں مزید بہتری کے لیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں صوبائی ریونیو ریویو کمیٹی تمام ریونیو اکٹھا کرنے والے اداروں کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لے گی، ضروری اصلاحات تجویز کرے گی، کارکردگی کے اشاریے مرتب کرے گی اور محصولات کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قانونی و انتظامی سفارشات پیش کرے گی۔

محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ ڈیلی ویجز، کنٹی جنٹ پیڈ اسٹاف، رخصتی کی بنیاد پر تقرریوں اور خالی آسامیوں پر نئی بھرتیوں کے لیے محکمہ خزانہ کی پیشگی منظوری اور متعلقہ قواعد کی پابندی لازمی ہوگی، جبکہ ڈائنگ کیڈر کی آسامیوں پر کسی قسم کی تقرری کی اجازت نہیں ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق ایسے ترقیاتی منصوبے جن میں نئی آسامیوں کی تخلیق یا گاڑیوں، مشینری، آلات اور فرنیچر کی خریداری شامل ہو، انہیں محکمہ خزانہ کی پیشگی منظوری کے بغیر زیر غور نہیں لایا جائے گا۔

تمام محکمے اپنی وصولیاں فوری طور پر میں جمع کرائیں گے، جبکہ خودمختار و نیم خودمختار ادارے اور میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشنز ہر سہ ماہی اپنے ریزرو فنڈز اور پروکیورمنٹ پلان کی تفصیلات محکمہ خزانہ کو فراہم کریں گے۔محکمہ خزانہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ مرمت و بحالی کے منصوبوں کے لیے مقررہ قواعد و ضوابط، متعلقہ فورمز کی منظوری اور انتظامی اجازت لازمی ہوگی۔

تمام ورکس ڈیپارٹمنٹس کو مرمتی منصوبوں کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ ای پورٹل پر محفوظ رکھنے اور سہ ماہی داخلی آڈٹ رپورٹس محکمہ خزانہ کو ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اشتہارات کے لیے مختص فنڈز صرف متعلقہ مد میں استعمال کیے جائیں گے جبکہ محکمہ اطلاعات تمام سرکاری اشتہارات اور اشاعتوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کرے گا اور سال میں کم از کم دو مرتبہ اس کی مفاہمتی کارروائی مکمل کرے گا۔

تمام خودمختار و نیم خودمختار اداروں، میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز اور دیگر سرکاری اداروں کو بھی اپنے متعلقہ فورمز کی منظوری سے ان کفایت شعاری اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح سرکاری گاڑیوں، پٹرول و آئل اور ان کی دیکھ بھال پر سخت نگرانی رکھنے، غیر ضروری سفری اخراجات سے اجتناب کرنے، زیادہ سے زیادہ سرکاری اجلاس ا?ن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے منعقد کرنے اور سرکاری اجلاسوں میں ضیافت سمیت غیر ضروری اخراجات کو کم سے کم رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات