یوسف رضا گیلانی کی ٹانک میں مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت

جمعہ 24 جولائی 2026 20:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2026ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ضلع ٹانک میں مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے اپنے بیان میں کہاکہ اس دہشت گرد حملے کے نتیجے میں متعدد سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر انہوں نے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے متحد اور پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا نہ کسی مذہب، نہ کسی قوم اور نہ ہی کسی انسانی اقدار سے کوئی تعلق ہے، بلکہ یہ انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم ہے جس کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں ہونے والی دہشت گردی کی بلاامتیاز مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے، زخمیوں کو جلد و کامل صحت یاب کرے اور سوگوار خاندانوں کو یہ عظیم صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔