پی این آر اے اور آئی اے ای اے کے اشتراک سے کمپیوٹر سکیورٹی معائنوں پر قومی تربیتی کورس اختتام پذیر

جمعہ 31 جولائی 2026 20:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے ) اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے باہمی تعاون سے جوہری تنصیبات کے کمپیوٹر سکیورٹی معائنوں سے متعلق پانچ روزہ قومی تربیتی کورس جمعہ کو پی این آر اے ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔ 27 سے 31 جولائی 2026 تک جاری رہنے والےتربیتی پروگرام کا انعقاد پی این آر اے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سکیورٹی (NISAS) نے کیا جسے آئی اے ای اے کے Collaborating Centre کا اعزاز حاصل ہے۔

پی این آر اے سے جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پانچ روزہ اہم تربیتی پروگرام میں ملک کی فعال جوہری تنصیبات کے کمپیوٹر نظاموں کے تحفظ اور ان کی ضابطہ جاتی نگرانی پر مامور ریگولیٹری افسران اور سکیورٹی انسپکٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کورس کے دوران شرکاء کو کمپیوٹر سکیورٹی کے معائنوں سے متعلق جدید طریقۂ کار، ضابطہ جاتی تقاضوں کا مؤثر جائزہ لینے، سکیورٹی آڈٹس کے انعقاد اور ممکنہ خامیوں کی بروقت نشاندہی کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی گئی۔

اس موقع پر آئی اے ای اے کی Nuclear Security Series میں وضع کردہ رہنما اصولوں اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ بہترین طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔تربیتی کورس کی نگرانی تین ممتاز بین الاقوامی ماہرین نے کی، جن میں آئی اے ای اے کے لوئیس ایبیوٹونو تابائی ، جمہوریہ کوریا کے جیونگ ہو لی اور برازیل کے ریکارڈو پالینو مارکیز شامل تھے۔ ماہرین نے شرکاء کو کمپیوٹر تحفظ کے معائنوں سے متعلق عملی تجربات، جدید تقاضوں اور عالمی سطح پر رائج بہترین اصولوں سے آگاہ کیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی این آر اے ضیاء حسین شاہ نے کہا کہ جوہری تنصیبات کے تحفظ اور سلامتی کے مؤثر ضابطہ جاتی نظام میں کمپیوٹر سکیورٹی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ اس تربیتی پروگرام سے ہمارے انسپکٹرز کی پیشہ وارانہ استعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے جس سے وہ بدلتے ہوئے خطرات سے نمٹنے اور کمپیوٹر سکیورٹی کو مؤثر انداز میں یقینی بنانے کے لئے مزید بہتر طور پر تیار ہوئے ہیں۔

یہ تربیتی پروگرام آئی اے ای اے کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعاون کی ایک اور کامیاب مثال ہے جس کا مقصد جوہری تنصیبات اور متعلقہ سرگرمیوں پر ضابطہ جاتی نگرانی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی اے ای اے کے نمائندے لوئیس ایبیوٹونو تابائی نے جوہری شعبے میں کمپیوٹر تحفظ کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قومی سطح پر فنی مہارتوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے آئی اے ای اے کے ساتھ پاکستان کے مسلسل اور مؤثر تعاون کو سراہتے ہوئے اسے جوہری تحفظ کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا۔اس تربیتی کورس کا کامیاب انعقاد قومی ریگولیٹری استعداد کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پی این آر اے اور آئی اے ای اے کے درمیان جاری تعاون میں ایک اور اہم پیشرفت ہے۔ اس پروگرام کے دوران حاصل ہونے والا علمی اور عملی تجربہ پاکستان کی جوہری تنصیبات میں کمپیوٹر تحفظ سے متعلق ضابطہ جاتی نگرانی کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔