24 اگست سے قبل کوئی سرکاری یا نجی اسکول نہیں کھلے گا، رانا سکندر حیات

موسم گرما کی تعطیلات کے دوران ایک مکمل ماہ طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ریمیڈیل لرننگ کیمپس کے انعقاد کی اجازت دی تھی، تاکہ طلبہ اپنی تعلیمی کمی پوری کر سکیں، ایکس پر بیان

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 7 اگست 2026 16:35

24 اگست سے قبل کوئی سرکاری یا نجی اسکول نہیں کھلے گا، رانا سکندر حیات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست 2026ء)  صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ 24 اگست سے قبل صوبے میں کسی بھی سرکاری یا نجی اسکول کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ موسمِ گرما کی تعطیلات کے شیڈول پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایکس پر اپنے بیان میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب نے موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ایک ماہ تک ریمیڈیل لرننگ کیمپس کے انعقاد کی اجازت دی تھی۔ ان کیمپس کا مقصد طلبہ کو اضافی تدریسی معاونت فراہم کرنا اور ان کی تعلیمی کمی کو پورا کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 24 اگست کے بعد ہی معمول کے مطابق کھولے جائیں گے۔