کیش لیس پاکستان کی جانب عملی پیش رفت، ڈیجیٹل ادائیگیوں کا دائرہ وسیع کرنے کا عزم ہے، بلال اظہر کیانی

پیر 17 اگست 2026 19:54

کیش لیس پاکستان کی جانب عملی پیش رفت، ڈیجیٹل ادائیگیوں کا دائرہ وسیع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو کیش لیس معیشت کی جانب لے جانے کے لیے عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں، وزیراعظم خود پاکستان کے کیش لیس اقدام کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے حکومت اور نجی شعبہ مل کر کام کر رہے ہیں۔جے ایس بینک کے زیر اہتمام Z-wallet کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے والے تاجروں کی تعداد گزشتہ سال کے 5 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد بھی 9 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں راست نے اہم کردار ادا کیا ہے، کیو آر کوڈ ادائیگیوں کے لیے حکومت نے ایم ڈی آر پر سبسڈی دی جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے تجربے کو مزید آسان اور سہل بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے بتایا کہ سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، مرکزی سرکاری اداروں کی ڈیجیٹل ادائیگیاں 9 فیصد سے بڑھ کر 76 فیصد جبکہ سیلف اکائونٹنگ اداروں کی ڈیجیٹل ادائیگیاں 5 فیصد سے بڑھ کر 75 فیصد ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک کروڑ سے زائد بی آئی ایس پی مستحقین کی ادائیگیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے پر کام کر رہی ہے، رواں سال تمام بی آئی ایس پی مستحقین کو ڈیجیٹل والٹس فراہم کیے جائیں گے جنہیں بینک اکائونٹ کی طرح استعمال کیا جا سکے گا، ان والٹس کے ذریعے یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی اور رقم کی منتقلی بھی ممکن ہوگی۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کا ہدف تمام سرکاری ادائیگیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانا ہے، مستقبل میں سرکاری ملازمین، پنشنرز اور وینڈرز کو چیکس کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیاں کی جائیں گی جبکہ شہریوں کو حکومت کو ادائیگی کے لیے کم از کم ایک ڈیجیٹل آپشن ضرور فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال شہریوں سے نقد ادائیگی کا اختیار ختم نہیں کیا جا رہا تاہم ملک کو بتدریج ڈیجیٹل اور کیش لیس معیشت کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ Z-Wallet کا اجراء پاکستان کے ڈیجیٹل سفر میں اہم پیش رفت ہے۔ کیش لیس پاکستان کے حصول کے لیے نجی شعبے کا تعاون انتہائی اہم ہے، حکومت اور نجی شعبہ مل کر ایک ایسے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کی تشکیل کے لیے کام کر رہے ہیں جو شہریوں، کاروباری افراد اور ریاست کے لیے زیادہ آسان، شفاف اور موثر ہو۔