سیرین ایئر نے پاکستان میں فضائی آپریشنز مستقل طور پر بند کردیے

پیر 17 اگست 2026 19:51

سیرین ایئر نے پاکستان میں فضائی آپریشنز مستقل طور پر بند کردیے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2026ء) سیرین ایئر نے پاکستان میں اپنے تمام فضائی آپریشنز بند کردیے جبکہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرلائن کے لاہور، کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد اور ملتان ایئرپورٹس پر قائم دفاتر بھی خالی کرا لیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیرین ایئر گزشتہ سال سے فضائی آپریشنز معطل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ بحال نہ کرسکی۔

ایئرلائن نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت مختلف ایئرپورٹس پر اپنے دفاتر بند کردیے، جس کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی دفاتر خالی کرا لیے۔ذرائع کے مطابق ایئرلائن کے ذمہ لینڈنگ، ٹیک آف، پارکنگ چارجز اور دفاتر کے کرایوں سمیت دیگر مد میں کروڑوں روپے کے واجبات تھے، جو سیکیورٹی کی مد میں جمع کرائی گئی رقم سے وصول کیے گئے۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ دفاتر خالی کرانے کے بعد یہ جگہیں دیگر ایئرلائنز کو دی جائیں گی، جبکہ سیرین ایئر انتظامیہ کو دفاتر سے اپنا ذاتی سامان جلد منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب سیرین ایئر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حکومتی اداروں، سول ایوی ایشن اتھارٹی، ٹیکس اور کرایوں کے واجبات کلیئر کردیے گئے ہیں اور ایئرلائن نے فضائی آپریشن بحال کرنے کی کوشش بھی کی، تاہم ناگزیر وجوہات کے باعث آپریشن دوبارہ شروع نہیں ہوسکا۔

انتظامیہ کے مطابق ایئرلائن کے پاس مطلوبہ تعداد میں طیارے موجود نہیں تھے، جبکہ دو طیارے خراب ہونے کے باعث بروقت مرمت نہ ہوسکے۔ ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے اضافی مہلت بھی دی گئی اور آپریشن بحال کرانے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا گیا، تاہم ایئرلائن نہ خراب طیارے بروقت مرمت کراسکی اور نہ ہی ان کے متبادل کے طور پر نئے طیارے حاصل کرسکی۔رپورٹ کے مطابق پائلٹس سمیت سیرین ایئر کے سیکڑوں ملازمین کو بھی کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے مسائل کا سامنا رہا، جس کے باعث ایئرلائن کے مستقبل اور ملازمین کے روزگار کے حوالے سے بھی صورتحال تشویش ناک ہوگئی ہے۔