معتبر بین الاقوامی اسکالرشپ کیلیے محمد احمد کا انتخاب سندھ اور پاکستان کیلیے باعث فخر ہے، وزیراعلیٰ سندھ

پیر 17 اگست 2026 19:54

معتبر بین الاقوامی اسکالرشپ کیلیے محمد احمد کا انتخاب سندھ اور پاکستان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2026ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان ایسوسی ایشن آف دی ڈیف یوتھ سیکشن (پی اے ڈی وائی ایس) کے سیکریٹری محمد احمد خان سے ملاقات کی، جنہیں گیلاؤڈیٹ یونیورسٹی، واشنگٹن ڈی سی، امریکا کی جانب سے دی جانے والی معروف ورلڈ ڈیف لیڈرشپ (ڈبلیو ڈی ایل) اسکالرشپ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

گیلاؤڈیٹ یونیورسٹی دنیا کا سب سے معروف ادارہ ہے جو بہرے افراد کی تعلیم کے لیے کام کرتا ہے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر بلدیات ناصر شاہ، وزیر داخلہ ضیائ الحسن لنجار، سیکریٹری محکمہ بااختیاری برائے معذور افراد طحہ فاروقی اور دیگر نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران پاکستان ایسوسی ایشن آف دی ڈیف (پی اے ڈی) کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ محمد احمد خان کا انتخاب ڈیف اسٹڈیز میں تین سالہ ماسٹر آف آرٹس پروگرام کے لیے کیا گیا ہے، جس کا آغاز موسم خزاں 2026 میں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ پاکستان واپس آکر اپنے علم اور بین الاقوامی تجربے کو بہری برادری کو بااختیار بنانے اور اس کی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے احمد خان کو اس نمایاں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اتنی معتبر بین الاقوامی اسکالرشپ کے لیے ان کا انتخاب سندھ اور پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس امر کی عکاس ہے کہ معذوری کے حامل افراد کو مساوی مواقع اور معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کی جائے تو ان میں بے پناہ صلاحیت اور استعداد موجود ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محمد احمد خان ہزاروں نوجوانوں، بالخصوص بہری برادری کے افراد کے لیے باعث تحریک بن گئے ہیں۔ ان کی کامیابی ثابت کرتی ہے کہ عزم، محنت اور تعلیم تک رسائی رکاوٹوں کو عبور کرکے بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ ترین مواقع پیدا کرسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے شمولیت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت معذور افراد کے سندھ ایکٹ 2018 کے تحت مختلف اقدامات پر عمل درآمد کررہی ہے تاکہ معذور افراد کے لیے مساوی حقوق، قابل رسائی سہولیات اور تعلیمی مواقع یقینی بنائے جاسکیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ بااختیار افراد معذوری (ڈی ای پی ڈی) اور محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کی نمایاں کامیابیوں کو تسلیم کرنے اور ان کی معاونت کے لیے مواقع تلاش کیے جائیں، جبکہ ایسی کامیابیوں کی کہانیاں بھی اجاگر کی جائیں جو صوبے بھر کے نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنیں۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو پاکستان ایسوسی ایشن آف دی ڈیف کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے اور سندھ کی سماعت سے محروم برادری کے لیے تعلیمی اور قائدانہ مواقع کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ سندھ کی حوصلہ افزائی اور معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پاکستان کی بہری برادری کی خدمت کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں پاکستان ایسوسی ایشن آف دی ڈیف کے عہدیداران اور بہری برادری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔