لاہور،برگد آرگنائزیشن اور امن کمیٹی کے زیرِ اہتمام منارٹی ڈے پر بین المذاہب کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد

اتوار 9 اگست 2026 16:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2026ء) برگد آرگنائزیشن اور امن کمیٹی کے زیرِ اہتمام شادمان میں مینارٹی ڈے کی مناسبت سے اتوار کے روز بین المذاہب کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کی صدارت نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کی جبکہ علامہ اصغر عارف چشتی اور چوہدری ارشد گجر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔

تقریب میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماوں فادر نقاش، سردار سنی سنگھ، سہیل عالم، قبلہ قاسم علی قاسمی، سید اویس الرحمن گیلانی اور چوہدری صغیر عباس ورک سمیت دیگر شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں تقریب میں عامر رشید خان، پیر سید منیر گیلانی، مولانا محمد خبیب، زین العابدین، چوہدری آصف ایڈووکیٹ اور حافظ محمد عاصم ، ملک محمد اویس، عبدالصمد گجر اور چوہدری موسی گجر سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کو تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کا واضح پیغام دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کا مشترکہ وطن ہے جبکہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارہ پاکستان کی قومی ضرورت ہے۔ اس موقع پر یومِ آزادی 14 اگست کی مناسبت سے تمام مذاہب اور مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے قائدین نے مل کر کیک کاٹا اور پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اظہار کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان میں مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔