بانسرہ گلی مری چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن مکمل، ایکو ٹورازم کو فروغ

پیر 10 اگست 2026 19:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2026ء) پنجاب حکومت کے ماحول دوست ویژن کے تحت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے بانسرہ گلی مری چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی، منصوبے کے تحت سیاحوں اور شائقین جنگلی حیات کیلئے جدید اور ماحول دوست سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جس سے مری میں ایکو ٹورازم کو فروغ ملے گا۔سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیرقیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے زیرانتظام چڑیا گھروں کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے، اسی سلسلے میں ملکہ کوہسار مری میں قائم بانسرہ گلی چڑیا گھر کو ترقیاتی منصوبے ’’ری ویمپنگ آف بانسرہ گلی مری‘‘ کے تحت اپ گریڈ کردیا گیا ہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق منصوبے کا مقصد چڑیا گھر کو سیاحوں کیلئے مزید پرکشش بنانے کے ساتھ صوبے میں ایکو ٹورازم کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

اپ گریڈیشن کے بعد چڑیا گھر میں فطری ماحول سے ہم آہنگ مختلف تعمیراتی اور تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انچارج بانسرہ گلی چڑیا گھر، اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر محمد ابرار کے مطابق نئی سہولیات میں داخلی راستہ، پارکنگ، رابطہ پل، پگ ڈنڈیاں، کیفے، انفارمیشن سینٹر، واش رومز اور اسیر جنگلی جانوروں کیلئے مختلف گھروندے شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چڑیا گھر میں یاک ہاؤس، ریڈ ڈئر ہاؤس، ٹائیگر ہاؤس، ریچھ گھر، لیپرڈ ہاؤس اور بھیڑیے کی رہائش گاہ کے علاوہ کرافٹ شاپ، سووینئر شاپ، فوڈ کورٹس، ای وی ٹریک اور ایکو لاجز بھی قائم کیے گئے ہیں۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق جدید اور ماحول دوست سہولیات سے سیاحوں کو قدرتی ماحول میں جنگلی حیات کے مشاہدے اور تفریح کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جبکہ منصوبے سے مری میں ایکو ٹورازم کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :