پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کو سب سے زیادہ نمائندگی دی‘ حسن مرتضیٰ

منگل 11 اگست 2026 20:27

پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کو سب سے زیادہ نمائندگی دی‘ حسن مرتضیٰ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پیپلز واحد جماعت ہے جس نے اس وقت اقلیتوں کو سب سے زیادہ نمائندگی دی ہوئی ہے جس کا پنجاب میں کوئی سوچ نہیں سکتا ،نوید انتھونی سندھ اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر،مہیش کمار اور سینٹ میں کرشنا ہماری اس کی واضح مثال ہیں۔

وہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اقلیتی ونگ کے زیر اہتمام پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام نائب صدر اقلیتی ونگ وسطی پنجاب ایڈون سہوترا نے کیا،تقریب میں پاسٹر مون،پاسٹر اظہر،پاسٹر اکرم،پاسٹر امتیاز،پاسٹرکیپٹن انیس،پاسٹر ظفر، فادر جیروم ،شیرل شہزاد ایڈوکیٹ ،زنیرہ پیٹرک ایڈوکیٹ ،آشا شفیع،فیصل الیاس، رانا جواد ،احسن رضوی ، ،شاہدہ جبیں،ملک عمران کھوکھر،احمد گھمن،حسن اشرف،طاہر غالب،شاویز ندیم،اظہر صدیق موجود تھے۔

(جاری ہے)

حسن مرتضی نے کہا کہ آج کا دن صدر زرداری کی کوشش سے منسوب کیا گیا تھا،پیپلز پارٹی کے لبرل ہونے کا ثبوت اقلیتوں کی آواز بننا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ انہیں شدت سے اقلیت کے وزیر اعظم بننے کا انتظار ہے کیونکہ اقلیتوں کے بھی اس ملک پر احسانات ہیں۔حسن مرتضیٰ نے واضح کیاکہ مشنری اداروں کا ملک کی ترقی میں بہت بڑا کنٹری بیوشن ہے،بڑے بڑے سیاستدان اور دانشور ان مشنری سکولوں کے پڑھے ہوئے ہیں جبکہ شعبہ صحت میں جو سی ایچ لیڈی ولنگٹن ،لیڈی ریڈنگ جیسے اداروں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ طبقاتی نظام خطے پر زور و جبر سے حکومت کرنے والوں کا تحفہ ہے۔تقریب سے فیصل الیاس اور شاویز ندیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا،تقریب کے آخر میں یوم اقلیت کا کیک بھی کاٹا گیا۔