گورنرسندھ کی حنیف محمد کی دسویں برسی میں شرکت، عظیم کرکٹ لیجنڈ کو خراجِ عقیدت

منگل 11 اگست 2026 20:22

گورنرسندھ کی حنیف محمد کی دسویں برسی میں شرکت، عظیم کرکٹ لیجنڈ کو خراجِ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے پاکستان کے عظیم کرکٹ لیجنڈ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد کی دسویں برسی کے موقع پر مرحوم کے گھر آمد کی، جہاں انہوں نے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد سے ملاقات کی اور حنیف محمد کی قومی کرکٹ کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ حنیف محمد پاکستان کے عظیم کرکٹ لیجنڈ اور قومی کھیل کا قابلِ فخر سرمایہ تھے۔

ان کے شاندار کارنامے پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ حنیف محمد نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور شاندار ریکارڈز کے ذریعے پاکستان اور قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا اور پاکستان کرکٹ کی بنیاد مضبوط کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ حنیف محمد کی خدمات اور قومی کرکٹ کے لیے ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

جو قومیں اپنے ہیروز کو بھول جاتی ہیں، دنیا انہیں بھی بھول جاتی ہے۔ یہ وہ عظیم کرکٹرز تھے جن کا مقصد صرف کرکٹ کھیلنا اور پاکستان کا نام روشن کرنا تھا۔ گورنر سندھ نے شعیب محمد پر زور دیا کہ وہ اپنے وسیع تجربے اور کرکٹ کی صلاحیتوں کو نوجوان نسل میں منتقل کریں تاکہ ملک میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو مزید فروغ دیا جاسکے۔ اس موقع پر شعیب محمد نے کہا کہ ان کے والد حنیف محمد کی ہمیشہ خواہش تھی کہ پاکستان کرکٹ کی دنیا میں بلند مقام حاصل کرے۔