پی ٹی آئی کا احتجاج کب تک ان کا واحد ایجنڈا رہے گا،ہر مسئلے کا جواب سڑکوں پر احتجاج کی صورت دینا سیاسی ناکامی کا اعتراف ہے، طارق فضل چوہدری

منگل 11 اگست 2026 20:27

پی ٹی آئی کا احتجاج کب تک ان کا واحد ایجنڈا رہے گا،ہر مسئلے کا جواب سڑکوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج کب تک ان کا واحد ایجنڈا رہے گا،احتجاج سیاسی حق ہے، لیکن توڑ پھوڑ اور املاک کی تباہی اس کا حصہ نہیں، سڑکیں بند کرنا اور عام شہریوں کو یرغمال بنانا جمہوری حق نہیں ہو سکتا۔ منگل کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر مسئلے کا جواب سڑکوں پر احتجاج کی صورت دینا سیاسی ناکامی کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

عوام کی واقعی نمائندگی کا دعویٰ ہے تو سڑکیں بند کرنے کے بجائے ووٹرز کے درمیان جائیں۔عوام کا درد ہے تو سڑکوں پر آنے کے بجائے ان کے مسائل حل کیے جائیں، ملنے والے مینڈیٹ کو انتشار کے بجائے کارکردگی میں تبدیل کیا جائے۔عوام نے ووٹ خدمت اور نمائندگی کے لیے دیا ہے، ملک کو مفلوج کرنے کے لیے نہیں، پاکستان کو احتجاجی سیاست نہیں بلکہ ترقی، روزگار اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، ملک کو اس وقت تعلیم، صحت اور امن کی اشد ضرورت ہے۔ریاستی املاک کو جلانا اور عوام کو مشکلات میں ڈالنا سیاست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج حق ہے لیکن پاکستان کے امن کو آگ لگانے کی اجازت کسی کو نہیں۔پی ٹی آئی سیاست کرے انتشار نہ پھیلائے، عوام کی خدمت کرے اذیت نہ دے۔