Live Updates

قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے اقلیتیں معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، مریم نواز

منگل 11 اگست 2026 20:27

قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے اقلیتیں معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) وزیراعلی مریم نواز نے اقلیتوں کی آزادی اور حقوق کے تحفظ کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے افکار پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کا پاکستان سب کا وطن ہے جہاں تمام شہری اپنے اپنے عقیدے کے مطابق محفوظ اور آزاد ہیں۔ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، ان کی عزت و ناموس، تحفظ اور ترقی پر کبھی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے سرگرم تمام اقلیتی بہن بھائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، ترقی اور فلاح و بہبود کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پنجاب کو اقلیتی برادری کے لیے مینارٹی کارڈ متعارف کرانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جس کے ذریعے مستحق اقلیتی خاندانوں کو سہ ماہی ساڑھے 10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

پنجاب کو پہلا سکھ میرج ایکٹ 2024 منظور کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا، جس کے تحت آنند کارج کو قانونی حیثیت دی گئی ہے، جبکہ طویل عرصے سے زیر التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 بھی منظور کیا گیا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتی برادری کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار تک باآسانی رسائی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ رواں مالی سال اقلیتوں کے لیے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ اور مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی گوردواروں، گرجا گھروں اور مندروں کی تعمیر و بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور یوحنا آباد میں لائیو کورسز شروع کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر سرکاری سطح پر بھرپور طریقے سے منائے جاتے ہیں، جبکہ اقلیتی کوٹہ سسٹم پر بھی من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے حقوق کی نہ صرف محافظ ہے بلکہ انہیں ہر میدان میں ان کا جائز حصہ دینے کے لیے بھی پرعزم ہے۔ پنجاب تیزی سے ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں محبت اور رواداری ہماری پہچان بنے گی۔وزیراعلی نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیں گے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات