رواں سال 3 لاکھ سے زائد پاکستانی بہتر مستقبل کے لیے بیرون ملک روانہ

سعودی عرب پاکستانیوں کی پہلی ترجیح، متحدہ عرب امارات دوسرے اور قطر تیسرے نمبر پر رہا

منگل 11 اگست 2026 19:45

رواں سال 3 لاکھ سے زائد پاکستانی بہتر مستقبل کے لیے بیرون ملک روانہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) پاکستان میں معاشی و سیاسی حالات کے باعث رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران 3 لاکھ سے زائد پاکستانی روزگار اور بہتر مستقبل کی تلاش میں بیرون ملک روانہ ہوگئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے جون 2026 کے دوران مجموعی طور پر 3 لاکھ 17 ہزار 436 پاکستانی بیرون ملک روزگار کے لیے گئے، جن میں ڈاکٹرز، سافٹ ویئر انجینئرز، آئی ٹی ماہرین، پٹرولیم و مکینیکل انجینئرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور مختلف شعبوں سے وابستہ ٹیکنیشنز شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب پاکستانی ورکرز کے لیے سب سے بڑی منزل رہا، جہاں ایک لاکھ 83 ہزار 951 پاکستانی روزگار کے لیے گئے۔ متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر رہا جہاں 50 ہزار 773 پاکستانی منتقل ہوئے، جبکہ قطر میں 34 ہزار 25 پاکستانی روزگار کے سلسلے میں گئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بحرین میں 13 ہزار 329، ترکیہ میں 4 ہزار 673 پاکستانی ورکرز گئے، جبکہ قبرص، یونان، برطانیہ اور ملائیشیا بھی پاکستانی افرادی قوت کے لیے اہم ممالک میں شامل رہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 3 لاکھ 16 ہزار 848 افراد نے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ذریعے رجسٹریشن کرائی، جبکہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ذریعے 588 پاکستانیوں کو بیرون ملک ملازمتیں حاصل ہوئیں۔ذرائع کے مطابق مزید ہزاروں پاکستانی بیرون ملک جانے کے لیے سفری اور ملازمت سے متعلق دستاویزات مکمل کرانے کے لیے مختلف سرکاری اداروں سے رجوع کر رہے ہیں، جبکہ بیرون ملک روانگی کے دوران ایئرپورٹس پر بھی مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا بیرون ملک روزگار کے لیے جانا ایک طرف ملک سے ہنرمند افرادی قوت کے انخلا کا باعث بن رہا ہے، تاہم دوسری جانب بیرون ملک مقیم پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں روزگار کے مواقع، معاشی استحکام اور ہنرمند نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کیے جائیں تو افرادی قوت کے بڑے پیمانے پر بیرون ملک جانے کے رجحان کو کم کیا جاسکتا ہے۔