حیدرآباد میں میلاد النبی ﷺ کے انتظامات، میئر کی زیرصدارت اجلاس

صفائی، روشنی، سڑکوں کی مرمت اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت، مذہبی رہنماؤں سے نظم و ضبط کے لیے ایس او پیز بنانے کی اپیل

پیر 10 اگست 2026 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2026ء) میئر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کاشف علی شورو اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین نے میلاد النبیﷺ کے انتظامات کے حوالے سے میئر سیکریٹریٹ میں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، جس میں شہر کی مختلف مذہبی شخصیات، علما کرام، مشائخ، ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے عہدیداران، مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور میلاد کمیٹیوں و انجمنوں کے نمائندگان نے شرکت کی اور اپنے مسائل و تجاویز پیش کیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے کہا کہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے عقیدت و احترام اور مذہبی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل مہینہ ہے۔ اجلاس کا مقصد سرکارِ دو عالم حضرت محمد ? کے جشنِ ولادت کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دینا اور اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے درمیان مذہبی رواداری اور باہمی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے متعلقہ شعبوں کو متحرک کردیا گیا ہے تاکہ مختلف مذہبی جماعتوں، میلاد کمیٹیوں اور انجمنوں کی جانب سے نکالے جانے والے جلوسوں کی گزرگاہوں، میلاد کے مقامات، مساجد، مزارات اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات یقینی بنائے جاسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہر کی مختلف سڑکوں پر پیچ ورک کا کام بھی جاری ہے۔میئر کاشف شورو نے مذہبی رہنماؤں کو یقین دلایا کہ اجلاس میں پیش کیے جانے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے تمام میلاد کمیٹیاں اور مذہبی تنظیمیں باہمی مشاورت سے ایک متفقہ ایس او پی تیار کریں، جس سے جلوسوں کی گزرگاہوں پر پیش آنے والی شکایات کے ازالے اور انتظامات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام مکاتب فکر کے مسائل بلاامتیاز حل کرنے کے لیے کوشاں ہے اور میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ میئر حیدرآباد کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا اور ان شائ اللہ تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے اس اہم مذہبی تہوار کو بھرپور عقیدت و احترام اور شایان شان انداز میں منایا جائے گا۔

اس موقع پر میئر حیدرآباد نے حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے متعلقہ افسران کو اجلاس میں پیش کی جانے والی شکایات کے فوری ازالے اور ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن، ٹاؤن چیئرمین عبدالغفور درس، مصطفیٰ بلال، عدنان رشید، منٹھار جتوئی، حاجی فرید قریشی، درگاہ سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی کے چیئرمین حاجی گلشن الٰہی، جماعت اہل سنت کے قاری احمد علی سعیدی، احسن ناغڑ، انجمن فدائیان رسول کے نائب صدر جاوید علی، جنرل سیکریٹری محمد احسن اکرم قریشی، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ناظم مالیات سید محمد اسحاق، جمعیت علمائے اسلام کے حافظ خالد حسن دھامرہ، انجمن شیدائیان رسول کے محبوب عالم شیروانی، سرے گھاٹ کے مرکزی جلوس کے عارف حسین نورانی، جے یو پی کے کرامت راجپوت، سنی تحریک کے عابد قادری، جماعت اہل سنت حیدرآباد کے محمد ہاشم رضا اختر القادری، دعوت اسلامی کے سہیل عطاری، مہتمم احسن البرکات مفتی جواد احمد برکاتی، غلام حیدر نقشبندی، حبیب اللہ سکندری، حماد رضا نوری، انجمن غوثیہ رضویہ کے چیف آرگنائزر احسان رحمانی، جے یو پی کے ضلعی جنرل سیکریٹری محمد رضوان شیخ سمیت دیگر علما، مشائخ، مساجد، جلوسوں اور میلاد کمیٹیوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس میں رینجرز کے ڈی ایس آر محمد شفیق، ڈی ایس پی ٹریفک داؤد رحمان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پیر غلام حسین، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ڈائریکٹر سید اکبر شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالفقار حیدر، پاک آلٹس کمپنی کے جنرل منیجر فہیم اعوان، حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد، سوئی سدرن گیس کمپنی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کے اختتام پر درگاہ سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی کے چیئرمین حاجی گلشن الٰہی نے ملکی سلامتی، امن و امان اور میلاد النبیﷺ کے پٴْرامن انعقاد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔