شام میں خفیہ مقام پر موجود نیوکلیئر مواد جلد ہٹائے جانے کا امکان

شام کے خفیہ مقام سائٹ 99 پر موجود نیوکلیئر مواد اسرائیل اور امریکا کے لیے تشویش کا باعث رہا،رپورٹ

منگل 11 اگست 2026 11:05

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) شام میں خفیہ مقام پر موجود نیوکلیئر مواد جلد ہٹائے جانے کا امکان ہے، امریکی اور اسرائیلی حکام کے شام سے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے )نیوکلیئر مواد اپنے قبضے میں لے گی۔ شام کے خفیہ مقام سائٹ 99 پر موجود نیوکلیئر مواد اسرائیل اور امریکا کے لیے تشویش کا باعث رہا۔

بشارا لاسد حکومت نے خفیہ نیوکلیئر پروگرام کے تحت الکِبار ری ایکٹر قائم کیا تھا، بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد آئی اے ای اے کو شام کے نیوکلئیر مقامات تک رسائی حاصل ہوئی۔اسرائیل نے 2007 میں شام کے خفیہ الکِبار جوہری ری ایکٹر پر بمباری کی تھی۔شام میں خفیہ نیوکلیئر مواد کے معاملے پر اسرائیل، امریکا اور شام کے درمیان کئی ماہ تک خفیہ سفارتی رابطے جاری رہے۔

(جاری ہے)

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے شام سے نیوکلیئر مواد نہ ہٹائے جانے کی صورت میں سائٹ 99 پر دوبارہ حملے کی دھمکی دی۔ اسرائیل کو سائٹ 99 پر موجود نیوکلیئر مواد کے حوالے سے شدید تحفظات تھے۔امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل سے سائٹ 99 کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کی درخواست کی۔ اسرائیلی دھمکی کے بعد انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کو معاملے میں شامل کیا گیا۔اسرائیلی حکام کو خدشہ تھا کہ ترکی بھی شام کو سائٹ 99 سے نیوکلیئر مواد حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ امریکی حکام کا کہناتھا کہ شام کی موجودہ حکومت نے نیوکلیئر مواد تک رسائی کیلئے بھرپور ساتھ دیا۔