لاہور،حلقہ این اے 168 بہاولپور۔V میں ضمنی انتخاب 27 ستمبر کو ہوگا

منگل 11 اگست 2026 13:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور ۔V میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ۔ ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق حلقے میں پولنگ 27 ستمبر کو ہوگی۔شیڈول کے مطابق ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار 17 سے 19 اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے جبکہ امیدواروں کے نام 20 اگست کو جاری کیے جائیں گے۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 24 اگست مقرر کی گئی ہے۔ ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 28 اگست تک دائر کی جا سکیں گی جبکہ اپیلٹ ٹریبونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلوں کی آخری تاریخ 3 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 4 ستمبر کو جاری ہوگی جبکہ امیدوار 7 ستمبر کو اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے اور اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

امیدواروں کو انتخابی نشانات 8 ستمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے این اے 168 بہاولپور۔V کے ضمنی انتخاب کے لیے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈکوارٹرز) بہاولپور ڈاکٹر عائشہ خان کو ریٹرننگ افسر مقرر کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق حلقہ این اے 168 بہاولپور۔V میں پولنگ 27 ستمبر کو ہوگی۔