گ*امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائی: سی سی پی او لاہور

سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

بدھ 12 اگست 2026 18:30

؁ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2026ء) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں جرائم کی روک تھام، معیاری تفتیش، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے عید میلا دالنبیؐ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے لیے جامع سکیورٹی پلان مرتب کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام حساس مقامات، جلوسوں کے روٹس اور اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں ۔بلال صدیق کمیانہ نے ایس ایس پی( آپریشنز )کو سوشل کرائمز کے خاتمے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ سوشل کرائم کے خلاف موثر اور بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈالا کلچر، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔

سی سی پی او لاہور نے اشتہاری اور عادی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے فیلڈ افسران خودموثر نگرانی یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ بروقت ایف آئی آر کا اندراج ہر شہری کا حق ہے، اسے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کی شکایات کے ازالے میں تاخیر یا غفلت قابل قبول نہیں، جبکہ تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے سپروائزری افسران موثر نگرانی کریں۔اجلاس میں ڈی آئی جی( ایڈمن) عمران کشور، ڈی آئی جی( انویسٹی گیشن) ذیشان رضا، ڈی آئی جی( آپریشنز) فیصل کامران، ایس ایس پی( انویسٹی گیشن) محمد نوید اور ایس ایس پی( آپریشنز) عبداللہ احمد ، ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز نے شرکت کی۔