پاکستان عطیہ خداوندی، اتحاد و یکجہتی سے دشمن کی سازشیں ناکام بنائیں گے‘گورنرپنجاب

جمعہ 14 اگست 2026 22:03

پاکستان عطیہ خداوندی، اتحاد و یکجہتی سے دشمن کی سازشیں ناکام بنائیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان کے 79ویںیوم آزادی کے موقع پرایک پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی۔ تقریب میں امریکن، چائنیز ، ایرانی اور برطانیہ قونصلیٹس کے نمائندوںنے خصوصی شرکت کی اور گورنرپنجاب کے ہمراہ 79ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا۔سکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔

گورنر پنجاب نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری قوم کو آج بھرپور طریقے سے جشن آزادی منانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے پوری قوم کو یوم أزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عطیہ خداوندی ہے جو ہمارے آباؤاجداد کی بے پناہ قربانیوں اور جدوجہد سے حاصل ہوا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔اُنہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مزموم مقاصد سے وطن عزیر کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ہمیں ان کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کی ملکی سالمیت کے لئے قربانیاں قابل ستائش ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے ان شہدا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم پاکستان کا یوم آزادی بڑھ چڑھ کر منائیں تاکہ نوجوان نسل کو پتہ چل سکے کہ پاکستان کتنی مشکلات سے حاصل کیا گیا۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کو مبارک بادپیش کرتا ہوں کہ انہوں نے سیسہ پلائی دیوار کی طرح مل کر ملکی دفاع کو مضبوط بنایا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں عزت ملی اور پاکستان مضبوط ملک بن کر ابھرا۔اُنہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں اس بات کا عزم کرنا ہے کہ ہم مل کر پاکستان کو معاشی طور پر ایک عظیم ملک بنائیں گے، ہم کشکول کو توڑیں گے اور پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔