ملک میں سیاسی استحکام آ گیا، منفی پروپیگنڈے کے باوجود کراچی چلتا ہے، مرتضیٰ وہاب

جمعہ 14 اگست 2026 21:56

ملک میں سیاسی استحکام آ گیا، منفی پروپیگنڈے کے باوجود کراچی چلتا ہے، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزارِ قائد پر حاضری دی، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم کام کر رہے تھے، کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو ملنے والی عزت پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اربوں ڈالر خرچ کرکے منفی پروپیگنڈا کیا گیا لیکن اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔میئر کراچی نے کہا کہ ملک میں اب سیاسی استحکام آ گیا ہے اور ہمیں متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ منفی پروپیگنڈے کے باوجود کراچی چلتا ہے، اس شہر کے لوگوں نے پاکستان سے محبت کی ہے اور ملک کی خدمت میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والا وقت پاکستان اور عوام کے لیے بہتر ہوگا۔بلدیاتی نظام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کچھ لوگوں کی سوچ بلدیاتی نظام کے بجائے مخصوص سیاسی نظام کے قیام کی ہے۔ ماضی میں شہر کو یرغمال بنایا جاتا رہا، تاہم اب حالات مختلف ہیں۔انہوں نے پنجاب میں حالیہ بارشوں اور پیدا ہونے والی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے۔

پنجاب کی صورتحال سب کے سامنے ہے، تاہم وہ اس معاملے پر تنقید نہیں کریں گے کیونکہ بارش ایک قدرتی عمل ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کے شہری بھی اتنے ہی قابلِ احترام ہیں جتنے کراچی کے عوام ہیں۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اتحاد، قومی یکجہتی اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔