سیاسی جماعتیں بلا وجہ کی پوائنٹ سکورنگ پروقت ضائع کرنے کی بجائے ملکی ترقی خوشحالی وسلامتی کیلئے مل کر کام کریں‘شافع حسین

جمعہ 14 اگست 2026 22:03

سیاسی جماعتیں بلا وجہ کی پوائنٹ سکورنگ پروقت ضائع کرنے کی بجائے ملکی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) پاکستان مسلم لیگ کے زیر اہتمام مسلم لیگ ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔صوبائی وزیر نے اراکین اسمبلی اور پارٹی ورکرز کے ہمراہ پرچم کشائی کی تقریب میں شہداء وطن کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہل وطن کو 79 ویں یوم آزادی کی دلی مبارکباد دی اور کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ان تھک محنت اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کی جدو جہد کی بدولت ہی ہم آج آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں قوم آج تحریک قیام پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ آزادی بڑی نعمت ہے جس پر ہمیں فخر ہونا چاہئے کیونکہ بھارت میں آج بھی کئی صوبے ایسے ہیں جہاں مسلمان اور دیگر اقلیتیں مظالم کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بلا وجہ کی پوائنٹ سکورنگ پر وقت ضائع کرنے کی بجائے بجائے ملک کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں پاکستان اسی وقت ترقی کرے گا جب ہر ایک محنت سے کام کرے گا ہمیں ایک دوسرے کی غیبت میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنی توانائیاں ملک کی ترقی پر صرف کرنا ہوں گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان معدنی دولت سے مالا مال ہے۔زمین میں چھپے خزانوں کو بروئے کار لاکر آئی ایم ایف جیسے مالیاتی اداروں سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سالوں میں پنجاب میں ریکارڈ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔پنجاب میں نئے کارخانے لگنے سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔