ڈی پی او ہری پور کی زیر صدارت مرکز اہلسنت جامعہ عثمانیہ تلوکر میں اجلاس

بدھ 12 اگست 2026 18:42

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2026ء) ڈسڑکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی زیر صدارت مرکز اہلسنت جامعہ عثمانیہ تلوکر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے جید علماء کرام،مشائخ عظام اور میلاد ؐ کمیٹی کے ارکان سمیت ڈی ایس پی سٹی سجاد خان اور ایس ایچ او تھانہ سٹی اعجاز علی نے شرکت کی۔ بدھ کو منعقدہ اجلاس میں علماء کرام نے عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کے روٹس اور دیگر انتظامات سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے کہا کہ تمام جلوسوں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ عوام کو عدم برداشت،مذہبی منافرت اور سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے اجتناب کی تلقین کریں۔ شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ امن و امان اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پولیس،علماء اور شہریوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں پولیس سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے منشیات کے خاتمے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے پر زور دیا،اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی،امن و امان اور بین المسالک ہم آہنگی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔