سپورٹس بورڈ پنجاب میں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب

جمعہ 14 اگست 2026 13:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) سپورٹس بورڈ پنجاب میں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے شرکت کی۔اس موقع پرسیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمان نے افسران اور ملازمین کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا اورقومی ترانے کی دھن پر شرکا نے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی،جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا اور شرکا نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، نوجوانوں کو قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، اتحاد اور حب الوطنی کو فروغ دیتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔تقریب میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے افسران، ملازمین، کوچز، کھلاڑیوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔