بغیراجازت دوسری شادی پر خاوند کو 5 ہزار جرمانے کا قانون غیر شرعی قرار

شریعت نے دوسری شادی پر جب پابندی نہیں لگائی تو قانون 5ہزار جرمانے کی پابندی کیسے لگا سکتا ہے، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور سینیٹر ڈاکٹر عبدالکریم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 اگست 2026 20:35

بغیراجازت دوسری شادی پر خاوند کو 5 ہزار جرمانے کا قانون غیر شرعی قرار
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 14 اگست 2026ء ) اسلامی نظریاتی کونسل اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے پہلی بیوی سے بغیر اجازت دوسری شادی پر خاوند کو 5 ہزار جرمانے کا قانون غیر شرعی قرار دے دیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر عطاء الرحمٰن کی مصروفیات کے باعث سینیٹر حافظ عبد الکریم کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں فیملی قوانین میں ترامیم پر رائے کے لیے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے خصوصی شرکت کی۔ کمیٹی اجلاس میں سینیٹر سرمد علی کی جانب سے 19جنوری 2026 ء کو سینیٹ میں پیش کردہ نجی ارکان کے بل بعنوان مسلم فیملی لاز (ترمیمی) بل 2026ء پر بھی غورکیا گیا۔

(جاری ہے)

اس بل میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ پہلی بیوی سے بغیر اجازت دوسری شادی کرنے پر خاوند کو جرمانہ 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار کیا جائے۔

اجلاس میں چیئرمین قائمہ کمیٹی مذہبی امور سینیٹر ڈاکٹر عبدالکریم نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جب شریعت نے دوسری شادی پر کوئی شرعی پابندی نہیں لگائی تو قانون 5 ہزار جرمانے کی پابندی کیسے لگا سکتا ہے۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بھی بغیر اجازت دوسری شادی پر خاوند کو پانچ ہزار جرمانہ کی مخالفت کی۔