سپریم کورٹ میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، پریس روم کا افتتاح، آزادی کے ساتھ حقوق کے تحفظ اور اداروں پر اعتماد کی ذمہ داری بھی آتی ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

جمعہ 14 اگست 2026 19:18

سپریم کورٹ میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، پریس روم کا افتتاح، آزادی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے کہا ہے کہ آزادی اپنے ساتھ اقدار کی پاسداری، حقوق کے تحفظ اور ریاستی اداروں پر شہریوں کے اعتماد کو مضبوط بنانے کی مستقل ذمہ داری لاتی ہے، قیامِ پاکستان کو ممکن بنانے والے وژن، قربانیوں اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنی قومی اور آئینی ذمہ داریوں کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار اور جامع تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی، سپریم کورٹ کے معزز ججز، رجسٹرار، افسران، عملے اور ان کے بچوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مساوات، شمولیت اور مذہبی ہم آہنگی کے آئینی عزم کے اظہار کے طور پر قومی پرچم مشترکہ طور پر لہرایا گیا۔

اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بچوں، چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کورٹ کے معزز ججز نے قومی پرچم لہرایا جبکہ ہندو پنڈت، مسیحی پادری اور مسلم عالمِ دین بھی پرچم کشائی میں شریک ہوئے۔پولیس بینڈ نے قومی ترانے کی دھن پیش کی اور تقریب قومی جذبے اور وقار سے بھرپور رہی۔ مختلف مذہبی برادریوں کی شرکت نے اس پیغام کو اجاگر کیا کہ پاکستان اپنے تمام شہریوں کا یکساں وطن ہے اور ملک کی طاقت اس کے تنوع، اتحاد اور آئینی اقدار سے مشترکہ وابستگی میں ہے۔

چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے تقریب میں شریک بچوں سے شفقت سے ملاقات اور گفتگو کی اور انہیں کورٹ روم نمبر ایک لے گئے جہاں بچوں کو سپریم کورٹ کے عدالتی ماحول سے روشناس کرایا گیا۔ بعد ازاں چیف جسٹس آف پاکستان، سپریم کورٹ کے معزز ججز اور بچوں نے یومِ آزادی کا کیک مشترکہ طور پر کاٹا، جس نے یومِ آزادی کی مشترکہ خوشی اور قومی جذبے کی عکاسی کی۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم اور قانونی برادری کو مبارکباد پیش کی اور قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور اس کے پیچھے کارفرما وژن و عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔دریں اثناء سپریم کورٹ آف پاکستان میں میڈیا کی رسائی، شفافیت اور عوامی رابطے کے فروغ کے لیے پریس روم کا بھی افتتاح کیا گیا۔ پریس روم کا افتتاح چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کورٹ کے معزز ججز کی موجودگی میں صدر پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ عمران وسیم اور جنرل سیکرٹری امانت رضا گشکوری نے کیا۔

پریس روم کے قیام کا مقصد عدالتی کارروائی اور ادارہ جاتی سرگرمیوں کی بروقت اور مؤثر کوریج میں کورٹ رپورٹرز کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ نئی سہولت کے ذریعے کورٹ رپورٹرز کو سپریم کورٹ میں مختص اور سازگار ورک اسپیس کے ساتھ ساتھ عدالتی معلومات تک بہتر اور بروقت رسائی میسر آئے گی۔پریس روم کا قیام میڈیا کی رسائی اور ادارہ جاتی شفافیت بڑھانے کے لیے سپریم کورٹ کے جاری اقدامات کا حصہ ہے۔

سپریم کورٹ معلومات تک رسائی، آزادیٔ اظہار اور آزادیٔ صحافت کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ میڈیا کے ساتھ ادارہ جاتی روابط مضبوط بنا کر درست اور بروقت معلومات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔اس موقع پر پریس ایسوسی ایشن کے ارکان نے کورٹ رپورٹرز کے لیے مختص پریس روم کے قیام کو سراہتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان، سپریم کورٹ کے معزز ججز اور عدالتی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

سپریم کورٹ کے مطابق پریس روم کے قیام سے نظامِ انصاف کے بارے میں عوامی آگاہی اور فہم کو فروغ ملے گا اور عدالت اور عوام کے درمیان ادارہ جاتی رابطے کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ سپریم کورٹ عدالتی معلومات تک وسیع تر عوامی رسائی، شفافیت اور میڈیا کے ساتھ تعمیری روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔