وزیراعلی پنجاب کا یوم آزادی پر خصوصی پیغام میں قوم کو مبارکبادواظہار تشکر

جمعہ 14 اگست 2026 19:18

وزیراعلی پنجاب کا یوم آزادی پر خصوصی پیغام میں قوم کو مبارکبادواظہار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے یوم آزادی پر خصوصی پیغام میں پاکستان کی سالگرہ پر قوم کو مبارکباددی اور اظہار تشکرکیاہے۔وزیراعلی نے قائد اعظم، علامہ اقبال، محترمہ فاطمہ جناح، زعما کرام اور تمام اکابرین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلی نے قیام پاکستان، تعمیر پاکستان اور تحفظ پاکستان کی جدوجہد کے شہدا ءاور غازیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیاہے۔

وزیراعلی مریم نوازنے پاکستانی قوم کے ہر فرد،حصول آزادی سے تحفظ آزادی تک، معرکہ حق میں دفاع وطن کو ناقابل تسخیربنانے پر غیور افواج پاکستان اور سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہر جانباز سپاہی کو سلام پیش کیاہے۔وزیراعلی نے اساتذہ،طلبا و طالبات، مزدوروں، کارکنوں، محنت کشوں اور ورکروں کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے کہاکہ یوم آزادی پر ہم سب کو تعمیر وطن میں اپنا اپنا بھرپور کردارادا کرنے کا وعدہ نبھانا ہوگا۔

آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں۔ اگر ہر فرد اپنے اپنے حصے کا چراغ روشن کرے تو پورے وطن میں اجالاپھیل جائیگا۔ سوہنی دھرتی کو چار چاند لگانے کیلئے اخلاص، احساس ذمہ داری ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ نوجوان نسل کے لئے یوم آزادی مستقبل سے عہد وفا نبھانے کا دن ہے۔ نوجوانوں کے ہاتھ قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں۔

طلبہ کا دل لگا کر پڑھنا، اساتذہ کادلجمعی سے پڑھانا، معالجہ کا احساس، تاجر کی دیانتداری ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ پاکستانی قوم دنیا کی بہترین قوم اور پاکستان دنیا کا بہترین ملک ہے۔ میں سمجھتی ہوں ہر فرد کے لئے حقیقی ترقی وہی ہے جس میں کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔ دن رات محنت کرکے امید کے دیے جلا اور خوابوں کو حقیقت بنارہے ہیں۔