Live Updates

امریکی حکام ایران کیخلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے امکان پر گفتگو کر رہے ہیں، سابق رکنِ کانگریس

ایسے ہتھیاروں کا استعمال بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور طویل مدتی انسانی المیے کا سبب بن سکتا ہے، مارجوری ٹیلر گرین

منگل 18 اگست 2026 23:24

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2026ء) امریکا کی سابق رکنِ کانگریس مارجوری ٹیلر گرین نے دعوی کیا ہے کہ واشنگٹن میں حکام حکمتِ عملی کے اجلاسوں کے دوران ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے امکان پر گفتگو کر رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مارجوری ٹیلر گرین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر جاری کیے گئے بیان میں امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے کسی بھی امکان کو واضح طور پر مسترد کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے ہتھیاروں کا استعمال بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور طویل مدتی انسانی المیے کا سبب بن سکتا ہے۔امریکا کی سابق رکنِ کانگریس نے اگست 1945 میں جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ہونے والے جوہری حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں فوری طور پر تقریبا 1 لاکھ 10 ہزار افراد ہلاک ہوئے، جبکہ اسی سال کے اختتام تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد تقریبا 2 لاکھ 14 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہاں تابکاری سے پیدا ہونے والی بیماریوں، کینسر اور پیدائشی نقائص جیسے اثرات بھی طویل عرصے تک برقرار رہے۔سابق امریکی قانون ساز نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کے جواز پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ امریکی انٹیلی جنس کے جائزوں کے مطابق تہران جوہری ہتھیار بنانے کے قریب بھی نہیں تھا۔مارجوری ٹیلر گرین نے دعوی کیا کہ اس کے باوجود امریکا نے ایران پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں ایرانی رہنماں اور ایک اسکول میں موجود بچوں سمیت متعدد افراد کی ہلاکت ہوئی۔

انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بارہا جنگ جیتنے اور آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول کے دعوے کر رہے ہیں، جبکہ اس کے برعکس وہ مزید غیر ملکی جنگوں میں ملوث نہ ہونے کا وعدہ کر چکے ہیں۔سابق رکنِ کانگریس نے خبردار کیا کہ جوہری ہتھیاروں کا استعمال ایک وسیع تر جنگ اور شدید معاشی بحران کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے عوام سے کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جوہری ہتھیار استعمال نہ کریں اور اس جنگ کو فوری طور پر روکیں۔مارجوری ٹیلر گرین نے مزید کہا کہ امریکا ناقابلِ تسخیر نہیں اور جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا فیصلہ کرنے والے افراد کو انسانی تاریخ میں ہمیشہ اس فیصلے کے لیے جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات