حکومت عمران خان کی صحت پر اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، ارسلان خالد

عدالتی فیصلے سے بوکھلائی حکومت عمران خان کے علاج میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو میڈیکل بورڈ میں شامل کیا جائے،حقیقی آزادی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے پورا کراچی فیصلہ کن لانگ مارچ کے لیے تیار ہے،جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کراچی

جمعہ 21 اگست 2026 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے آئین، قانون اور انصاف کی فتح قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں ارسلان خالد نے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود حکومت کی جانب سے عمران خان کو الشفا اسپتال کے بجائے پمز منتقل کرنا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے، جس کی پی ٹی آئی بھرپور مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عدالتی فیصلے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور نظرثانی درخواستوں کی آڑ میں عمران خان کے علاج معالجے میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو میڈیکل بورڈ میں شامل کیا جائے تاکہ علاج کے حوالے سے شفافیت برقرار رہے۔

(جاری ہے)

ارسلان خالد نے کہا کہ مذاکرات کی آڑ میں وقت حاصل کرنے یا سیاسی معاملات کو طول دینے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ حقیقی آزادی اور آئین کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور حقیقی آزادی کے لیے ستمبر میں فیصلہ کن لانگ مارچ کی تیاری کی جارہی ہے، جس میں کراچی سمیت ملک بھر سے عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر عمران خان کی صحت کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کارکنوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔