بارشوں ،سیلاب میں جاں بحق افراد کے خاندانوں ،متاثرہ گھروں کے مالکان کی مالی معاونت کی جائے‘ وزیر اعظم

ہفتہ 22 اگست 2026 12:02

بارشوں ،سیلاب میں جاں بحق افراد کے خاندانوں ،متاثرہ گھروں کے مالکان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2026ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں ،سیلاب اور بارشوں میں مکمل اور جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کے مالکان کی مالی معاونت کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متاثرہ علاقوں میں اشیا ئے خوردونوش اور دیگر امدادی سامان جلد از جلد پہنچایا جائے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے،سیلاب اور بارشوں میں مکمل طور پر تباہ ہونے والے اور جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کے مالکان کی بھی مالی معاونت کی جائے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے نظام اور سڑکوں کی بحالی جلد از جلد مکمل کی جانی چاہیے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ وفاقی وزرا ء اور سیکرٹریز کو متاثرہ علاقوں میں جا کر بارشوں سے ہونے والے نقصان کا خود جائزہ لینے اور بحالی کا کام شروع کروانے اورمتاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان تمام متاثرہ علاقوں میں اشیا ئے خوردونوش اور دیگر امدادی سامان جلد از جلد پہنچایا جائے جہاں اب تک بوجہ رسائی امدادی سامان نہیں پہنچ سکا، وزیراعظم نے آئندہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کو امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت بھی کی ۔

اجلاس میں وزیراعظم کو مون سون 2026 کے اثرات اور صوبوں اور این ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی کارروائیوں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر بروقت منتقلی کی جا چکی ہے،مزید بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کی ٹیمز عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورے ملک میں مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے اور مزید امدادی سامان بھیجنے کے حوالے سے اقدامات لیے جا رہے ہیں، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، شمالی علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم فعال ہیں، ارلی وارننگ سسٹم کی بدولت سیلاب سے قبل متعدد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا ء احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ، معین وٹو، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، سردار اویس لغاری، چاروں صوبوں، گلگت اور ازاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری ،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔