پشاور،شوہر نے اہلخانہ کی ایما پر ننھے بچوں کی ماں کو سرعام سڑک پر قتل کردیا، 4 ملزمان گرفتار

جمعرات 27 اگست 2026 21:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2026ء) پشاور میں شوہر نے مبینہ طور پر اپنے اہل خانہ کی ایما پر ننھے بچوں کی ماں کو سر عام سڑک پر قتل کردیا۔ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی سربراہی میں ڈی ایس پی ہشتنگری سرکل وارث خان کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی ہی بیوی کو اپنے ہی گھر کے افراد کی ایما پر قتل کرنے میں ملوث تمام ملزمان کا چند گھنٹوں میں سراغِ لگا کر گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزم زوہیب ولد ارشد حسین نے تھانہ شہید گلفت حسین کی حدود رام پورہ گیٹ میں فائرنگ کرکے اپنی ہی بیوی کو قتل کر دیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا جبکہ مقتولہ کے والد نجم اقبال ولد اقبال کی مدعیت میں مقتولہ کے شوہر اور دیگر گھر کے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔

(جاری ہے)

ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور اصل حقائق کو جاننے کی خاطر خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ڈی ایس پی ہشتنگری سرکل وارث خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ شہید گلفت حسین سلیم خان خلیل نے دیگر نفری پولیس کے ہمراہ بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان مقتولہ کا شوہر زوہیب، بھائی زبیر پسران ارشد حسین، بہن مسما ( ا ) دختر ارشد حسین اور والدہ مسما ( ز) زوجہ ارشد حسین کا چند گھنٹوں کے دوران سراغ لگا کر گرفتار کرلیا۔

مقتولہ کے شوہر کے مطابق ملزمان نے اپنی والدہ، بھائی اور بہن کی ایما پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا جبکہ قتل کو غیرت کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے ابتدائی بیان دیا کہ اس کی بیوی مسما ( ل) پارٹی گرل تھی جس کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل اور واقعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی پولیس تحویل میں لے لی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔