کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

زمان ٹاؤن، گلبہار اور سائٹ سپر ہائی وے پولیس کی کارروائیاں، اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد

جمعہ 28 اگست 2026 13:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2026ء) زمان ٹاؤن، گلبہار اور سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 5 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے پستول، گولیاں، چھینے گئے موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے کارروائی کے دوران 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جن کی شناخت 27 سالہ دلدار ولد گلشن اور 30 سالہ طارق ولد عبداللہ کے ناموں سے ہوئی۔

ملزمان کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔گلبہار پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب حاجی مرید گوٹھ، لیاری ایکسپریس وے کے قریب ندی میں مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 35 سالہ آصف ولد منظور اور 30 سالہ دانیال ولد سہیل کے ناموں سے ہوئی۔

ملزمان کے قبضے سے 2 پستولیں بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے جمعہ کی صبح شہباز گوٹھ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کی شناخت فضل حسین بونیری ولد محمد شیر زادہ کے نام سے ہوئی۔

زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، 3 چھینے گئے موبائل فونز اور 80 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور برآمد شدہ اسلحے اور دیگر سامان کے حوالے سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔