سندھ کے پسماندہ طبقات تک ذہنی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے شائن ہیومینٹی اور تسکین ہیلتھ انیشی ایٹو میں شراکت داری

جمعہ 28 اگست 2026 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2026ء) پاکستان کے دیہی علاقوں میں کم سہولت یافتہ آبادی کے لیے صحت کے بہتر نتائج کے حصول کے لیے کام کرنے والی غیر منافع بخش تنظیم SHINE Humanity Pakistan نے ذہنی صحت اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے کام کرنے والی پاکستانی غیر منافع بخش تنظیم تسکین ہیلتھ انیشی ایٹو کے ساتھ تین سالہ شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔

اس تعاون کے تحت SHINE Humanity کے کلینکس کے نیٹ ورک کو تسکین کی ٹیلی فونک ذہنی صحت کی ہیلپ لائن سے منسلک کیا جائے گا، جس سے سندھ بھر میں کمزور اور ضرورت مند طبقات کو نفسیاتی معاونت تک رسائی حاصل ہوگی۔مستقبل میں دونوں ادارے مشترکہ فنڈنگ کے مواقع تلاش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ تسکین کے PEACE پروگرام (Psychosocial Empowerment and Community Engagement) کو SHINE Humanity کے بنیادی صحت کے نظام میں شامل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس طرح کمیونٹی کی سطح پر فراہم کی جانے والی بنیادی صحت کی سہولیات میں ذہنی صحت کی معاونت کو مزید مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے گا۔اس موقع پرSHINE Humanity پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فہیم خان نے کہا کہ یہ شراکت داری ان کمیونٹیز کو جامع اور مربوط صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہے جن کی ہم خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی صحت کی سہولیات میں ذہنی صحت کو خصوصاً پسماندہ علاقوں میں اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

تسکین کے ساتھ تعاون کے ذریعے مریضوں کو جسمانی صحت کی ان سہولیات کے ساتھ نفسیاتی معاونت تک ایک قابل اعتماد اور رازداری پر مبنی راستہ فراہم کیا جا رہا ہے جو انہیں پہلے ہی SHINE Humanity سے حاصل ہو رہی ہیں، جو یومیہ خدمت حاصل کرنے والے خاندانوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔تین سال کے لیے مؤثر مفاہمتی یادداشت دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے، جس کا مقصد پاکستان کے کمیونٹی ہیلتھ نظام میں ریفرل کے مؤثر راستے مضبوط کرنا، ذہنی صحت سے متعلق مسائل کی بروقت نشاندہی بہتر بنانا اور طویل المدت بنیادوں پر ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔