ملک میں فرقہ واریت پھیلا کر اہلسنت کو دیوار سے لگانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،بلال عباس قادری

جمعہ 28 اگست 2026 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2026ء) پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے کہا ہے کہ ملک میں ایک بار پھر فرقہ واریت کو ہوا دے کر اہلسنت کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے،جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنا ملک کے امن،سلامتی اور قومی یکجہتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے،حکومت کو چاہیے کہ وہ شرپسند عناصر اور نفرت پھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ? مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی جزو اور انتہائی حساس معاملہ ہے،اس حوالے سے کسی بھی قسم کی گستاخی یا قانون کو کمزور کرنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔پاکستان سنی تحریک ناموس رسالت ﷺ کے تحفظ اور عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے دفاع کے لیے ہمیشہ میدان میں موجود رہی ہے اور آئندہ بھی پرامن اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

بلال عباس قادری نے کہا کہ توہین رسالت ﷺ کے قانون میں کسی بھی قسم کا رد و بدل،ترمیم یا اسے غیر موثر بنانے کی کوشش ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔اگر قانونِ توہین رسالت ? میں تبدیلی کی کوشش کی گئی تو پاکستان سنی تحریک ملک گیر احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔حکمران کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جو عوام کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے اور ملک میں بے چینی پیدا کرنے کا سبب بنے۔

انہوں نے کہا کہ اہلسنت کو کسی سازش کے تحت سیاسی،سماجی یا مذہبی طور پر تنہا نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان میں ہر شہری کو آئین و قانون کے مطابق اپنے مذہبی عقائد اور عبادات پر عمل کرنے کا حق حاصل ہے، لہذا کسی بھی طبقے کو دیوار سے لگانے کی پالیسی ملک کے مفاد میں نہیں۔مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ فرقہ واریت کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ دشمن قوتوں کے عزائم کو تقویت دینے کا ذریعہ ہے۔

ملک پہلے ہی معاشی مشکلات،مہنگائی، بے روزگاری اور امن و امان کے مسائل سے دوچار ہے،ایسے حالات میں مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینا قومی مفاد سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ناموس رسالت ? اور مذہبی معاملات کے حوالے سے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کیا جائے،اشتعال انگیزی اور نفرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور کسی بھی مذہبی طبقے کے حقوق سلب کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔

بلال عباس قادری نے واضح کیا کہ پاکستان سنی تحریک آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ناموس رسالت ? کے تحفظ،اہلسنت کے حقوق اور ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اشتعال انگیزی سے گریز کرتے ہوئے اتحاد،نظم و ضبط اور پرامن جدوجہد کو اپنا شعار بنائیں۔