میرپورخاص، معذور افراد کے لیے قابلِ رسائی ووٹنگ سے متعلق آگاہی سیشن

انتخابی حقوق، مساوی حقِ رائے دہی اور جامع انتخابات کی اہمیت پر زور، الیکشن افسران کی تفصیلی بریفنگ

جمعہ 28 اگست 2026 20:55

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2026ء) میرپورخاص اسپیشل اسپورٹس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن (MSSWA) گلستانِ معذورین میں معذور افراد کے لیے قابلِ رسائی ووٹنگ کے حوالے سے اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد انتخابی عمل میں شمولیت کو فروغ دینا اور معذور افراد کو ان کے ووٹ کے حق اور انتخابی حقوق سے آگاہ کرنا تھا۔

آگاہی سیشن میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کنور شجاعت علی اور اسسٹنٹ الیکشن کمشنر مشتاق علی مستوئی نے شرکت کی۔ افسران نے شرکاء کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قابلِ رسائی، جامع اور رکاوٹوں سے پاک انتخابات کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر الیکشن افسران نے مساوی حقِ رائے دہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے معذور افراد کو جمہوری عمل میں بھرپور اور فعال شرکت کی ترغیب دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے قابلِ رسائی انتخابی عمل کی ضرورت اور معذور افراد کے انتخابی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی۔تقریب میں قمرالدین ملک، صدر MSSWA گلستانِ معذورین میرپورخاص، صلاح الدین، جنرل سیکریٹری، جمعہ خان، جوائنٹ سیکریٹری سمیت دیگر عہدیداران، ممبران اور معذور افراد بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمرالدین ملک نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کنور شجاعت علی اور اسسٹنٹ الیکشن کمشنر مشتاق علی مستوئی کا آگاہی سیشن کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے الیکشن کمیشن کے افسران کی جانب سے معذور افراد کے لیے قابلِ رسائی ووٹنگ کو فروغ دینے اور ان کے انتخابی حقوق کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔قمرالدین ملک نے کہا کہ اس نوعیت کے آگاہی پروگرام معذور افراد کو بااختیار بنانے اور انہیں جمہوری عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اور معذور افراد کی نمائندہ تنظیموں کے درمیان مسلسل تعاون ایک ایسے جامع انتخابی نظام کے قیام کے لیے ضروری ہے جہاں ہر اہل شہری اپنے ووٹ کا حق وقار، خودمختاری اور مساوی مواقع کے ساتھ استعمال کر سکے۔

سیشن کے اختتام پر شرکائ نے ووٹر آگاہی اور معذور افراد کے لیے قابلِ رسائی و جامع انتخابات کے فروغ کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی۔