نیپا کے 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ

جمعہ 28 اگست 2026 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2026ء) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) اسلام آباد کے 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے 16 رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں سینیٹ سیکریٹریٹ کے سینئر افسران نے وفد کا استقبال کیا۔سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے وفد کو پارلیمانی نظام، سینیٹ کے آئینی کردار، قانون سازی، پارلیمانی نگرانی اور سیکریٹریٹ کے غیر جانب دارانہ و پیشہ ورانہ کردار پر بریفنگ دی۔

ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ) سینیٹ سیکریٹریٹ عفت مصطفی نے سینیٹ کی ساخت، کارروائی، قائمہ کمیٹیوں، قانون سازی کے مراحل اور نگرانی کے اختیارات کے بارے میں آگاہ کیا۔وفد نے سینیٹ کی کارروائی کا مشاہدہ بھی کیا اور پارلیمانی امور سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے تفصیلی جوابات دیے گئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفد نے سینیٹ میوزیم کا دورہ کیا، جہاں پاکستان کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے مراحل اور سینیٹ کے آئینی کردار کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں اور ایوانِ بالا کی تاریخ پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔

وفد نے میوزیم میں ممتاز قومی شخصیات کے مجسموں اور تاریخی تصاویر میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔وفد نے ’’گلی دستور‘‘ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں آئینِ پاکستان کی تشکیل اور آئینی تاریخ کے اہم مراحل سے آگاہ کیا گیا۔وفد کے شرکاء نے دورے اور بریفنگ کو مفید قرار دیتے ہوئے سینیٹ سیکریٹریٹ کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ دورے کے اختتام پر وفد کی جانب سے سینیٹ سیکریٹریٹ کے حکام کے لیے اظہارِ تشکر کیا گیا اور یادگاری سووینئر پیش کیا گیا۔