گجرات میں دلخراش واقعہ؛ 4 سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، بوری بند لاش برساتی نالے سے برآمد

17 سالہ کزن ہی ملوث نکلا، دورانِ تفتیش کمسن بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کا اعتراف کرلیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 اگست 2026 17:51

گجرات میں دلخراش واقعہ؛ 4 سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، بوری بند ..
گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست 2026ء) گجرات کے علاقے کریم داد میں ایک انتہائی دلخراش اور سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 4 سالہ معصوم بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا، بچی کی بوری بند لاش تین روز بعد گھر کے قریب برساتی نالے سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق معصوم بچی کے اچانک لاپتا ہونے پر تھانہ صدر جلال پور جٹاں میں باقاعدہ اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور تلاش جاری تھی، لواحقین نے تفتیش کے دوران بتایا کہ بچی کو آخری بار اپنے 17 سالہ کزن کے ساتھ دیکھا گیا تھا جس پر پولیس نے شک کی بنیاد پر اسے شاملِ تفتیش کیا۔

بتایا گیا ہے کہ دورانِ تفتیش 17 سالہ ملزم کزن نے اپنے گناہ کا اعتراف کرتے ہوئے سنسنی خیز انکشافات کیے، اس دوران مبینہ طور پر ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے کمسن بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا تھا اور لاش بوری میں بند کر کے پھینک دی تھی، بعد ازاں پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر گھر کے قریب واقع برساتی نالے سے 4 سالہ بچی کی بوری بند لاش برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

اس سفاکانہ واقعے کے بعد بچی کے والدین اور گھر والے شدید غم سے نڈھال ہیں، پولیس نے لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا ہے، جبکہ ملزم کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :