عمران خان کے بچوں کا نائیکوپ مکمل فعال، پاکستان آنے کیلئے ویزے کی ضرورت نہیں، خواجہ آصف

فیملی یا پی ٹی آئی کا یہ تاثر دینا غلط ہے کہ حکومت ان کو ویزہ نہیں دے رہی، نائیکوپ کی موجودگی میں قاسم اور سلیمان اگر آج چاہیں تو پاکستان تشریف لا سکتے ہیں؛ وزیر دفاع کا ایکس پر بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 اگست 2026 20:02

عمران خان کے بچوں کا نائیکوپ مکمل فعال، پاکستان آنے کیلئے ویزے کی ضرورت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست 2026ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان کے پاسپورٹ اور ویزہ سے متعلق جاری خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے ان کے فعال نائیکوپ نمبرز اور ان کی میعاد کی تفصیل شیئر کردی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کے پاس پاکستان کا ویزہ نہ ہونے کی تمام تر خبروں پر مبنی بیانیہ بالکل بے بنیاد ہے، عمران خان کی فیملی یا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یہ تاثر دینا کہ حکومت انہیں پاکستان آنے کے لیے ویزہ نہیں دے رہی، بالکل غلط اور خلافِ حقیقت ہے۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ نائیکوپ یعنی اوورسیز پاکستانیوں کے شناختی کارڈ کی موجودگی میں کسی بھی شہری کو پاکستان آنے کے لیے ویزے کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی اور نائیکوپ کارڈ ہولڈرز جب بھی چاہیں پاکستان کا سفر کر سکتے ہیں، عمران خان کے دونوں بیٹوں نے آخری مرتبہ سال 2022ء میں اپنے انہی نائیکوپ کارڈز پر پاکستان کا سفر کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے قاسم اور سلیمان کے نائیکوپ کی میعاد کے اعداد و شمار بھی پیش کیے جن میں کہا گیا کہ سلیمان خان کا نائیکوپ (35202-273-22XX-1) مکمل فعال ہے جس کی میعاد 6 جنوری 2030ء تک برقرار ہے، اسی طرح قاسم خان کا نائیکوپ (35202-782-76XX-1) بھی مکمل فعال ہے اور اس کی میعاد 8 نومبر 2032ء تک موجود ہے، دونوں نائیکوپ مکمل طور پر کارآمد ہیں اور اگر عمران خان کے صاحبزادے چاہیں تو وہ آج بھی بنا کسی ویزے اور رکاوٹ کے پاکستان تشریف لا سکتے ہیں۔