ابوظبی: بگ ٹکٹ لائیو ڈرا میں پاکستانی شہری شوکت آفتاب کی قسمت چمک گئی

ایک کروڑ 50 لاکھ درہم کا گرینڈ پرائز جیت لیا، یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریبا ایک ارب 13 کروڑ روپے بنتی ہے، شوکت آفتاب نے انعام جیتنے کی خبر سن کر کہا کہ اوہ میرے خدا! بہت بہت شکریہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 3 ستمبر 2026 23:23

ابوظبی: بگ ٹکٹ لائیو ڈرا میں پاکستانی شہری شوکت آفتاب کی قسمت چمک گئی
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 03 ستمبر 2026ء ) ابوظبی میں بگ ٹکٹ لائیو ڈرا میں پاکستانی شہری شوکت آفتاب کی قسمت چمک گئی، ایک کروڑ 50 لاکھ درہم کا گرینڈ پرائز جیت لیا، یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریبا ایک ارب 13 کروڑ روپے بنتی ہے۔ بگ ٹکٹ کے میزبان رچرڈ اور بشریٰ نے پاکستان میں موجود شوکت آفتاب کو فون کرکے انہیں ان کی شاندار کامیابی کی اطلاع دی۔

گلف نیوز کے مطابق دبئی میں ایک پاکستانی شہری نے ابوظہبی میں بگ ٹکٹ کی سیریز 290 کی لائیو ڈرا میں 1 کروڑ 50 لاکھ درہم کا بڑا انعام جیت کر اپنی زندگی بدل دینے والی خوشی حاصل کرلی۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والے شوکت آفتاب نے گرینڈ پرائز جیت لیا۔ لائیو ڈرا کے دوران ٹکٹ نمبر 245556 گزشتہ ماہ کے فاتح فلپائن سے تعلق رکھنے والے رینالڈو ہربوسو نے منتخب کیا۔

(جاری ہے)

انعام جیتنے والے شوکت آفتاب سے فون پر رابطہ کیا گیا تو اپنی کامیابی کا علم ہونے پر وہ حیران اور انتہائی خوش ہوگئے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوہ میرے خدا! بہت بہت شکریہ۔ آپ سے محبت ہے۔ میں بے حد شکر گزار اور بہت خوش ہوں۔ ابتدا میں شوکت آفتاب کو اپنی جیت پر یقین نہیں آیا، تاہم یوٹیوب پر لائیو ڈرا چیک کرنے کے بعد ان کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔ 1 کروڑ 50 لاکھ درہم کا یہ انعام شوکت آفتاب کو بگ ٹکٹ کے ان خوش نصیب فاتحین کی فہرست میں شامل کردیا ہے جن کی زندگیاں اس ڈرا کے ذریعے یکسر بدل گئی ہیں۔