بھارت کےساتھ بات چیت کا کوئی مثبت نتیجہ نہ نکلاتو زبردست احتجاجی تحریک چلائیں گے، ایل اے بی

ہفتہ 5 ستمبر 2026 12:43

لہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر کے خطے لداخ میں لہہ اپیکس باڈی (ایل اے بی)نے دھمکی دی ہے کہ بھارتی وزارت داخلہ کے ساتھ 9ستمبر کی مجوزہ بات چیت میں کوئی مثبت اور نتیجہ خیزبات سامنے نہیں آئی تو لداخ میں ایک زور دار احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ کشمیر میڈیاسرس کے مطابق ایل اے بی کے چیئرمین چیرنگ ڈورجے لاکروک نے کہا کہ ایپکس باڈی اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے ) بھارتی وزارت داخلہ کیساتھ مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن چاہتے ہیں کہ یہ مذاکرات مثبت طریقے سے آگے بڑھیں اور ان کا کوئی نتیجہ برآمد ہو ۔

تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو ان کے پاس اپنی تحریک کو انتہائی طاقت کے ساتھ تیز کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بھارتی حکومت مثبت طرز عمل اپنائے اور لداخ خطے کے لوگو ں کے مطالبات پورے کرے۔ دریں اثنا لداخ خطے کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانچنگ نے بھی ایک بیان میں کہا کہ اگر بات چیت ناکام ہو جاتی ہے تو وہ نئی دہلی تک احتجاجی مارچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ سال 24 ستمبر کے مظاہرے کے دوران مارے گئے چار افراد کے اہل خانہ کیلئے معقول معاوضے اور تمام مقدمات واپس لینے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں ۔