کراچی،مرکزی مسلم لیگ کے تحت دفاع پاکستان کانفرنس، شہداء و غازیوں کو خراج عقیدت

کانفرنس کے شرکاء کا قومی دفاع کے معاملے پر پوری قوم کے متحد ہونے اور ملک کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے پر زور

اتوار 6 ستمبر 2026 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2026ء) مرکزی مسلم لیگ کراچی کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے موقع پر گلشن اقبال میں دفاع پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس میں شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور ملکی دفاع کے لیے متحد رہنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنا چاہتا تھا، تاہم اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت و وقار عطا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ بزدلانہ انداز میں رات کے وقت دراندازی کی کوشش کی، لیکن پاکستان کی بہادر افواج نے ہر بار دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔

(جاری ہے)

فیصل ندیم نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائ ہماری پہچان اور فخر ہیں۔

جب بھی پاکستان کے دفاع کی بات ہوگی، پوری قوم متحد ہوکر سامنے آئے گی۔ ملک کو مضبوط بنانے کے لیے قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا، جبکہ 6 ستمبر ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ پاکستان نے 1965ئ میں دشمن کو عبرتناک شکست دی اور آج بھی ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ عوام نے ہمیشہ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوکر سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو اپنے اپنے شعبے میں پاکستان کی خدمت کرنا ہوگی تاکہ ملک ترقی کرے اور قومی پرچم ہمیشہ بلند رہے۔