بدین، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی زیرصدارت ضلعی افسران کا اجلاس، عوامی مسائل کے حل کیلئے اہم ہدایات

ہسپتالوں میں مریضوں کو غیرضروری ریفر نہ کیا جائے، شہر سے گندے پانی کی فوری نکاسی، مچھروں اور آوارہ کتوں کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، عبدالقدوس میمن

بدھ 9 ستمبر 2026 17:50

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن کی زیرصدارت سیشن کورٹ کے کانفرنس ہال میں ضلع کے تمام اہم سرکاری محکموں کے افسران کا کوآرڈینیشن اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت، ریونیو، پولیس، ایکسائز، بلدیاتی اداروں اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی، عوام کو درپیش مسائل اور ان کے بروقت حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی گئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالقدوس میمن نے متعلقہ افسران کو عوامی مشکلات کے ازالے اور سرکاری امور مقررہ مدت میں نمٹانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔انڈس اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر سکندر علی میمن کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع کے سب سے بڑے اسپتال میں مطلوبہ طبی سہولیات دستیاب ہونے کے باوجود مریضوں کو دوسرے شہروں میں ریفر کیا جانا تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

کوشش کی جائے کہ مریضوں کو زیادہ سے زیادہ علاج معالجے کی سہولیات ضلع ہی میں فراہم کی جائیں تاکہ غریب اور مستحق افراد کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا سفر نہ کرنا پڑے۔انہوں نے چیف میونسپل افسر بدین کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شہر میں آوارہ کتوں، مچھروں اور صفائی کی ناقص صورتحال کا نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ گندے اور کھڑے پانی کے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہورہا ہے، جس سے ملیریا سمیت مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے، جبکہ آوارہ کتوں کے کاٹنے سے ریبیز جیسی مہلک بیماری کے کیسز بھی سامنے آرہے ہیں، جو شہریوں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے شہر کی سڑکوں اور راستوں پر کھڑے سیوریج کے گندے پانی کی فوری نکاسی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خالی پلاٹوں میں گندا پانی کھڑا ہونے کی صورت میں پلاٹ مالکان کو نوٹس جاری کیے جائیں۔ انہوں نے مچھروں کے خاتمے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مچھروں کے باعث شہریوں کے لیے غروب آفتاب کے بعد گھروں کے صحن میں بیٹھنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔

سڑکوں کے کنارے قائم پودوں کی نرسریوں کے حوالے سے انہوں نے ہدایت کی کہ سیوریج لائنوں کے اوپر قائم نرسریاں فوری طور پر ہٹائی جائیں، جبکہ دیگر نرسریوں میں صفائی کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ پانی کھڑا ہونے اور مچھروں کی افزائش کا سدباب ہوسکے۔انہوں نے محکمہ بلڈنگز کے افسران کو ہدایت کی کہ بس اسٹاپس، عدالتوں اور اسپتالوں میں خواتین کے لیے علیحدہ واش رومز کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والی خواتین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پولیس سرجن کو ہدایت کرتے ہوئے عبدالقدوس میمن نے کہا کہ قتل، زیادتی اور دیگر سنگین مقدمات میں کیمیکل اور فرانزک رپورٹس کے تاخیر سے موصول ہونے کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹس میں تاخیر کے باعث مقدمات کے فیصلوں میں بھی تاخیر ہوتی ہے، جس سے عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔ریونیو محکمے کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو ہدایت کی گئی کہ شہریوں کے روزمرہ نوعیت کے کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ریونیو معاملات میں غیرضروری تاخیر کے باعث شہری عدالتوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، جس سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ بڑھتا ہے اور دیگر مقدمات کی سماعت و فیصلوں کا عمل بھی متاثر ہوتا ہے۔نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالجبار شیخ کو ہدایت کی گئی کہ ایف آر سی اور شناختی کارڈ بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں کی درخواستوں اور فارموں پر بلاجواز اعتراضات عائد نہ کیے جائیں۔

ایف آر سی میں شامل غلط افراد کے نام قانونی طریقہ کار کے تحت خارج کرانے کے معاملے میں بھی شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے۔محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ ضلع میں شجرکاری مہم شروع کی جائے، سرکاری درختوں کی غیرقانونی کٹائی روکی جائے اور محکمہ جنگلات کی اجازت کے بغیر لکڑی سے لدی گاڑیوں کی نقل و حرکت کی اجازت نہ دی جائے۔اجلاس کے اختتام پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہے۔ عدالتوں میں میرٹ، قانون اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر فیصلے کیے جاتے ہیں۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، ہر شخص کو قانون کے دائرے میں رہنا ہوگا۔