مہاراشٹر، بی جے پی حکومت نے عدالتی حکم امتناعی کے باوجود چرچ پر بلڈوزر چلا دیا

جمعرات 10 ستمبر 2026 11:54

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2026ء) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نے عدالتی حکم امتناعی کے باوجود ایک چرچ پر بلڈوزر چلادیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے پونے کے قریب کالے واڑی کے علاقے میں واقع چرچ کو رات کے وقت منہدم کردیا۔راجواڑے نگر میں جیسس آئز لارڈ چرچ کے رکن روز میتھیوز نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے عدالتی دستاویزات کو نظر انداز کیا۔

انہدامی کارروائی پولیس کی بھاری نفری میں کی گئی۔

(جاری ہے)

مقامی عیسائی رہنمائوں نے کہا کہ آدھی رات کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے انہدامی کارروائی کی گئی۔ روز میتھیوز نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ میونسپل اہلکاروں نے عدالتی کاغذات کی جانچ پڑتال کرنے سے انکار کر دیا اور یہاں تک کہ ہمیں تین بلڈوزروں کے ذریعے انہدام کی کارروائی کی ریکارڈنگ کرنے سے بھی روک دیا۔چرچ ارکان نے کہا کہ انہیں قانون کے مطابق کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکام عیسائی اداروں اور عبادت گاہوں کو مختلف بہانوں سے تیزی سے نشانہ بنا رہے ہیں۔چرچ چند سال قبل عطیات کے ذریعے بنایا گیا تھا۔