مری کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عوامی حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑیں گے، پیپلزپارٹی

×دریاگلی میں استقبالیہ،عمارتیں گرانے کے آپریشن، مال روڈ، جھیکا گلی اور ایکسپریس وے کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار

منگل 15 ستمبر 2026 21:25

?مری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2026ء) پاکستان پیپلزپارٹی مری کی تنظیم کے اعزاز میں دریاگلی میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی نرگس فیض ملک، سابق رکن قومی اسمبلی غلام مرتضی ستی، ایگزیکٹو ممبر پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویڑن عمر عباسی سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ مری کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، قائمہ کمیٹیوں، اسمبلیوں اور عوامی میدانوں میں حقوق کی جنگ بھرپور انداز میں لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی حقوق غصب کرنے کا سلسلہ بند کرے،استقبالیہ میں دریاگلی میں آپریشن کے ذریعے عمارتیں گرائے جانے، مال روڈ، جھیکا گلی اور ایکسپریس وے کی صورتحال پر شدید مذمت اور تحفظات کا اظہار کیا گیا،مقررین نے کہا کہ مری کے عوام کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلزپارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی،تقریب سے امیدواران نذیر عباسی ایڈووکیٹ،سجاد حنیف عباسی،صدر پیپلزپارٹی مری سٹی خالد محمود چوہدری ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری ضلع مری ثاقب عباسی، سیکرٹری اطلاعات پلوشہ افراز عباسی، تحصیل صدر کامران ریاض، جنرل سیکرٹری عاشق جہانگیر عباسی، سردار رجب خان، حاجی توصیف عباسی، شفقت عباسی، قدیر عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بانسرہ گلی میں پارٹی رہنما صداقت علی عباسی کے گھر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی،بعد ازاں سیکرٹری اطلاعات ضلع مری پلوشہ افراز عباسی نے سنی بنک میں واقع اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مری میں نئی تنظیم سازی کے بعد پیپلزپارٹی عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور انداز میں متحرک ہے اور عوامی مسائل کو ہر متعلقہ فورم پر اجاگر کیا جائے گا