پاکستان، آسٹریلیا تجارتی تعلقات کیلئے کاروباری روابط کا تسلسل ناگزیر ہے، ٹموتھی کین

پاک آسٹریلیا بزنس فورم کی سالانہ ایوارڈ تقریب، مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے تاجروں اور کاروباری رہنماؤں کو اعزازات

جمعرات 17 ستمبر 2026 16:55

پاکستان، آسٹریلیا تجارتی تعلقات کیلئے کاروباری روابط کا تسلسل ناگزیر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2026ء) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان مسلسل روابط ضروری ہیں۔وہ پاک آسٹریلیا بزنس فورم کے زیر اہتمام کراچی میں منعقدہ سالانہ ایوارڈ تقریب و عشائیے سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب میں پاکستان اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات، حکومتی حکام اور تجارتی نمائندگان نے شرکت کی۔پاک آسٹریلیا بزنس فورم کے چیئرمین پرویز مدراس والا نے کہا کہ فورم نے کورونا وبا کے مشکل دور میں بھی دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وبا کے دوران آسٹریلوی ہائی کمیشن، آسٹریڈ، پاکستان ٹریڈ کمیشن سڈنی، پاکستان ہائی کمیشن اور ایف پی سی سی آئی کے حکام کے تعاون سے متعدد ویبینارز منعقد کیے گئے، جن کے ذریعے تجارتی روابط برقرار رکھنے اور کاروباری تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے میں مدد ملی۔پرویز مدراس والا نے کہا کہ پاک آسٹریلیا بزنس فورم نے دالوں کے تاجروں پر مشتمل پاکستانی وفد کی دبئی میں منعقدہ گل فوڈ ایکسپو 2025ئ میں بھی قیادت کی۔

آسٹریڈ کے تعاون سے نمائش کے دوران پاکستانی اور آسٹریلوی کاروباری نمائندگان کے درمیان بالمشافہ کاروباری ملاقاتیں کرائی گئیں، جس سے نئے تجارتی روابط قائم ہوئے۔تقریب کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے والے تاجروں اور کاروباری رہنماؤں کو مختلف شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز دیے گئے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں کا تعلق زراعت، خوراک، تعلیم، توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف اہم شعبوں سے تھا۔اس موقع پر شرکا نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے نجی شعبے کے باہمی روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔