عالمی امن کے قیام کےلئے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کا حل ناگزیر ہے، سردار ایاز صادق

پیر 21 ستمبر 2026 12:36

عالمی امن کے قیام کےلئے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2026ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےعالمی یومِ امن پر اپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں نےکہا کہ پائیدار امن اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے احترام اور مکالمے کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے،پاکستان عالمی امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا،پاکستان کے امن دستے گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے مصروفِ عمل ہے۔خطے میں پائیدار امن کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل ضروری ہے، مساوی حقوق، انصاف اور رواداری اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔

(جاری ہے)

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی امن کے لیے بھاری انسانی ومعاشی قیمت ادا کی ہے، امن کے فروغ کے لیے پارلیمانوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان مکالمے اور جمہوری اقدار کے فروغ کا مؤثر پلیٹ فارم ہے، پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی تعاون، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے لیے اقوام کو اپنے اختلافات مذاکرات اور مکالمے کے ذریعے حل کرنا ہوں گے۔