ایشین گیمز 2026، پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں شروع

قومی ٹیم 24 ستمبر کی شب 11 بجے کراچی سے جاپان روانہ ہوگی، آج بھی تربیتی سیشن جاری رہے گا

پیر 21 ستمبر 2026 17:28

ایشین گیمز 2026، پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں شروع
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2026ء) ایشین گیمز 2026 میں شرکت کے لیے پاکستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں شروع ہوگیا۔قومی ٹیم نے پیرکوحنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میںتربیتی سیشن میں حصہ لیا،تربیتی کیمپ کے شیڈول کے مطابق آج(22 ستمبر)بھی قومی کھلاڑی صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک تربیتی سیشن میں حصہ لیں گے۔

23 ستمبر کو صبح 10 بجے ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ کھیلا جائے گا جبکہ 24 ستمبر کو صبح 10 بجے سینٹر وکٹ منظرنامہ میچ سیشن ہوگا۔جس کے بعد پاکستان کا 21 رکنی دستہ 24 ستمبر کی شب 11 بجے کراچی سے جاپان کے لیے روانہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم اپنی فرنچائز مصروفیات مکمل کرنے کے بعد کیمپ میں شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایشین گیمز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ بائیں انگوٹھے میں فریکچر کے باعث محمد سلمان مرزا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی جگہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ محمد سلمان مرزا بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں اور ان کی مکمل فٹنس اکتوبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ایشین گیمز کے لیے پاکستان کے 15 رکنی کرکٹ اسکواڈ کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے جبکہ عبدالصمد نائب کپتان ہوں گے۔

اسکواڈ میں ابرار احمد، احمد دانیال، عاقب جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔ عثمان خان وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں مائیک ہیسن ہیڈ کوچ، ایشلے نوفکے بولنگ کوچ، منصور امجد فیلڈنگ کوچ، محمد طاہر فزیوتھراپسٹ، عمران اللہ ٹرینر جبکہ عثمان ہاشمی تجزیہ کار اور ٹیم آپریشنز کوآرڈینیٹر ہوں گے۔پاکستان کا 21 رکنی دستہ 24 ستمبر کی رات 11 بجے کراچی سے جاپان کے لیے روانہ ہوگا، جہاں قومی ٹیم ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کرے گی۔